Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ورمونٹ میں نِکی ہیلی کی کامیابی، ٹرمپ کلین سویپ نہ کر سکے

صدر جو بائیڈن اور ڈونلڈ ٹرمپ نومبر میں صدارتی الیکشن کے لیے امیدوار ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹیکساس اور کیلیفورنیا سمیت 12 ریاستوں سے پرائمری انتخابات جیت لیے ہیں تاہم ورمونٹ میں نِکی ہیلی کے حیران کن اپ سیٹ کے بعد وہ کلین سویپ کرنے سے محروم رہ گئے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق سابق صدر جو وائٹ ہاؤس میں واپسی کے لیے کوششیں کر رہے ہیں، کو 2020 میں ڈیموکریٹ جو بائیڈن کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
منگل کو ’سپیر ٹیوزڈے‘ کے سب سے بڑے مقابلے میں امریکہ کی سولہ ریاستوں میں پرائمری انتخابات منعقد ہوئے۔ ریاست الاباما، آرکنساس، مین، شمالی کیرولینا، اوکلاہوما، ٹینیسی، کولاراڈو، کیلیفورنیا، ٹیکساس، مینیسوٹا، میساچوسٹس اور ورجینیا کے پرائمری انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ کو کامیابی ملی ہے جبکہ دیگر ریاستوں میں گنتی کا عمل جاری ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ٹروتھ سوشل‘ پر اپنے ووٹرز کا شکریہ ادا کیا۔
ریپبلکن پارٹی ایک اور صدارتی امیدوار اور اقوام متحدہ کی سابق سفیر نِکی ہیلی ٹرمپ کی نامزدگی کے راستے میں ایک اہم رکاوٹ بننے میں ناکام رہی ہیں تاہم اب تک انہوں نے صدارتی امیدوار کی نامزدگی کی دوڑ سے باہر ہونے سے انکار کیا ہے۔
توقع کے مطابق ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار کی نامزدگی کے مقابلے میں صدر جو بائیڈن پہلی 11 ریاستوں میں کامیاب رہے ہیں۔
امریکی سیاسی نیوز ویب سائٹ ریئل کلیئر پولیٹکس کے اعداد و شمار کے مطابق نومبر کے انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ، صدر جو بائیڈن سے دو پوائنٹس آگے ہیں۔
سپر ٹیوز ڈے کیا ہے؟
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق نومبر میں انتخابات سے قبل سپر ٹیوز ڈے روایتی طور پر پرائمری انتخابات کے لیے ملک بھر میں سب سے بڑا دن ہے۔
منگل پانچ مارچ کو 16 ریاستیں اور ایک امریکی علاقہ صدارتی امیدوار چنیں گے جو نومبر میں ہونے والے صدارتی دوڑ میں حصہ لے گا۔
کچھ ریاستیں گورنر، سینیٹر اور بعض ڈسٹرک اٹارنی کے امیدواروں کو چن رہی ہیں۔
جس طرح امریکہ میں ہر سال تھینکس گیونگ ڈے یا یوم تشکر عام طور پر نومبر کی چوتھی جمعرات کو منایا جاتا ہے، اسی طرح سپر ٹیوز ڈے ہمیشہ مارچ کا پہلا منگل ہوتا ہے۔

شیئر: