لاہور قلندرز کی مسلسل چھ ناکامیوں کے بعد پہلی فتح، اسلام آباد یونائیٹڈ کو ہرا دیا
لاہور قلندرز کی مسلسل چھ ناکامیوں کے بعد پہلی فتح، اسلام آباد یونائیٹڈ کو ہرا دیا
بدھ 6 مارچ 2024 16:23
17 فرروری کو لاہور میں کھیلا گیا میچ اسلام آباد یونائیٹڈ نے آٹھ وکٹوں سے جیت لیا تھا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان سپر لیگ کے 23 ویں میچ میں دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو17 رنز سے شکست دے دی۔
بدھ کو پنڈی سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا۔ لاہور قلندرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 162 رنز بنائے۔
163 رنز کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی پوری ٹیم 18 ویں اوور کی آخری گیند پر 145 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
لاہور قلندرز کی رواں سیزن میں مسلسل چھ میچوں میں شکست کے بعد یہ پہلی فتح ہے۔ لاہور قلندرز کی جانب سے راسی وینڈر ڈوسن نے 64، شاہین شاہ آفریدی نے 30 اور ڈیوڈ وائس نے 24 رنز بنائے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ نے 163 رنز کے تعاقب کا آغاز کیا تو پہلی وکٹ پہلے ہی اوور میں گر گئی۔ اوپنر ایلکس ہیلز شاہین شاہ کی گیند پر جہانداد خان کو کیچ دے بیٹھے۔
اس کے بعد ون ڈاؤن آنے والے آغا سلمان بھی اچھی کارگردگی دکھانے میں ناکام رہے۔
آغا سلمان چار، شاداب خان سات، جارڈن کاکس سات اور عماد وسیم چار رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
لاہور قلندرز کے بولرز سات اوورز میں 38 رنز پر چھ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھانے میں کامیاب رہے۔
اعظم خان کریز پر اترے تو ٹیم کا سکور بڑھانے میں خوب جان لگائی لیکن قسمت نے ان کا ساتھ نہ دیا۔
انہوں نے تین چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 29 رنز بنائے۔
اعظم خان نے احسن حفیظ کی گیند پر لمبی شاٹ کھیلنے کی کوشش میں سکندر رضا کو کیچ تھما دیا۔
نسیم شاہ نے وکٹ سنبھالی اور 16 گیندوں پر دو چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 27 رنز کی اننگز کھیلی۔ انہیں شاہین شاہ نے کلین بولڈ کیا۔ حنین شاہ تین اور رومان رئیس دو رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ فہیم اشرف 41 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
لاہور قلندرز کی جانب سے سب سے زیادہ چار وکٹیں زمان خان نے حاصل کیں۔ شاہین شاہ آفریدی نے دو جبکہ ڈیوڈ وائس، جہانداد خان اور احسن حفیظ نے ایک ایک وکٹ اپنے نام کی۔
لاہور قلندرز کی اننگز
لاہور قلندرز نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو صاحبزادہ فرحان ایک مرتبہ پھر اچھی کارگردگی دکھانے میں ناکام رہے۔ وہ 12 گیندوں پر صرف دو رنز بنا کر پویلین روانہ ہوئے۔
فخر زمان بھی ایک بار پھر آؤٹ آف فارم ثابت ہوئے اور رومان رئیس کی گیند پر صرف 10 رنز بنا کر کولن منرو کو کیچ دے بیٹھے۔
اس کے بعد شائے ہوپ چھ رنز بنا کر عماد وسیم کی گیند پر جورڈن کاکس کو کیچ تھما بیٹھے۔
کپتان شاہین شاہ آفریدی 14 گیندوں پر 30 رنز بنانے کے بعد شاداب خان کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
سکندر رضا صرف چار جبکہ احسن حفیظ 13 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
ون ڈاؤن آنے والے راسی وینڈر ڈوسن نے شاندار کارگردگی دکھائی۔ انہوں نے چار چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 64 رنز بنائے۔ وہ رومان رئیس کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے
ڈیوڈ وائس 24 اور جہانداد خان دو رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے رومان رئیس دو جبکہ نسیم شاہ، حنین شاہ، عماد وسیم، فہیم اشرف اور شاداب خان ایک ایک وکٹ سمیٹنے میں کامیاب رہے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کا آپس میں رواں سیزن کا یہ دوسرا میچ تھا۔
17 فرروری کو لاہور میں کھیلا گیا پہلا میچ اسلام آباد یونائیٹڈ نے آٹھ وکٹوں سے جیت لیا تھا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی پلیئنگ الیون
ایلکس ہیلز، کولن منرو، سلمان علی آغا، شاداب خان(کپتان)، اعظم خان، جورڈن کاکس، فہیم اشرف، حنین شاہ، نسیم شاہ اور رومان رئیس اسلام آباد یونائیٹڈ کی پلیئنگ الیون کا حصہ تھے۔
لاہور قلندرز کی پلیئنگ الیون
فخر زمان، صاحبزادہ فرحان، راسی وینڈر ڈوسن، شائے ہوپ، سکندر رضا، احسن حفیظ بھٹی، ڈیوڈ وائس، جہانداد خان، شاہین شاہ آفریدی( کپتان)، طیب عباس، زمان خان لاہور قلندرز کی پلیئنگ الیون میں شامل تھے۔