Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’قومی کرکٹ ٹیم کی فٹنس بہتر بنانے کے لیے پاکستان فوج مدد کرے گی‘

قومی کرکٹ ٹیم 25 مارچ سے 8 اپریل تک کاکول ملٹری اکیڈمی میں تربیتی کیمپ کا حصے بنے گی۔ (فوٹو: اے ایف پی)
قومی کرکٹ ٹیم فٹنس بہتر کرنے کے لیے 25 مارچ سے 8 اپریل تک پاکستان آرمی کے زیر نگرانی تربیتی کیمپ میں حصہ لے گی۔
پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی نے منگل کو اسلام آباد کے ایک ہوٹل میں کھلاڑیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تربیتی کیمپ پی ایس ایل کے ختم ہونے کے تقریباً ایک ہفتے بعد شروع ہوگا۔
اپنے خطاب کے دوران محسن نقوی نے کہا ’جب میں لاہور میں میچ دیکھ رہا تھا تو مجھے نہیں لگتا کہ آپ میں سے کسی نے چھکا لگایا جو سٹینڈز کے پار گیا ہو۔ جب بھی سٹینڈز کے پار چھکا لگتا تھا میں سوچتا تھا کہ کسی غیر ملکی کھلاڑی نے اسے ہٹ کیا ہوگا۔ میں نے بورڈ سے کہا ہے کہ وہ ایک ایسا منصوبہ بنائے جس سے ہر کھلاڑی کی فٹنس بہتر ہو، اس کے لیے آپ کو مناسب کوشش کرنی ہوگی۔‘
محسن نقوی نے کہا ’نیوزی لینڈ ٹیم پاکستان کا دورہ کرنے والی ہے، پھر آئرلینڈ اور انگلینڈ کے ساتھ میچز ہیں اور ٹی 20 ورلڈ کپ بھی قریب ہے۔ میں نے سوچا، ہم کب ٹریننگ کریں گے؟ ہمیں کچھ وقت دستیاب ہو گا جس میں ہم نے 25 مارچ سے 8 اپریل تک کاکول ملٹری اکیڈمی میں ایک کیمپ کا انعقاد کیا ہے۔ پاک فوج آپ کی تربیت میں شامل ہو گی اور امید ہے کہ وہ آپ کی مدد کریں گے۔‘
انہوں نے کھلاڑیوں کو ہدایت کی کہ انہیں ٹی 20 لیگز پر قومی ذمہ داریوں کو ترجیح دینے کی ضرورت ہے۔ یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا تھا جب حارث رؤف نے پاکستان کے دورہ آسٹریلیا کا حصہ بننے سے انکار کر دیا تھا۔ چیف سلیکٹر وہاب ریاض نے رؤف کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا اور دو ماہ بعد پی سی بی نے ان کا سینٹرل کنٹریکٹ ختم کر دیا تھا۔
محسن نقوی کا کھلاڑیں کو مزید کہنا تھا ’میں یہ نہیں کہوں گا کہ آپ کو پیسہ نہیں کمانا چاہیے یا آپ ایسی قربانیاں دیں جو ہم بھی نہیں دے سکتے۔ میں آپ کو ایک مثال دیتا ہوں، ایک سال پہلے مجھے وزیراعلیٰ پنجاب بننے کا کہا گیا تھا۔ اس سے مجھے اپنے کاروبار میں مالی نقصان پہنچا کیوںکہ مجھے اپنا کاروبار چھوڑنا پڑا اور کئی اضافی اخراجات اٹھانے پڑے، لیکن میں پاکستان کی نمائندگی کرنے کی خواہش رکھتا تھا، اس لیے مجھے یہ قربانی دینا پڑی۔‘
’میں آپ کی سو فیصد حمایت کروں گا، لیکن میں آپ سے صرف یہ کہوں گا کہ آپ پاکستان کو اپنی پہلی ترجیح بنائیں، اور ٹی 20 لیگز کو دوسری ترجیح۔ یہ بدقسمتی کی بات ہے جب پیسہ پہلی ترجیح اور ملک دوسری بن جائے۔ ہم آپ کے سنٹرل کانٹریکٹس کو بھی دیکھ سکتے ہیں اور اگر آپ چاہیں تو انہیں مزید تقویت دے سکتے ہیں، لیکن آپ کو سب سے پہلے پاکستان کے لیے دستیاب ہونا پڑے گا۔‘
اس سے قبل بھی قومی کرکٹ ٹیم پاکستان فوج کے زیر نگرانی تربیتی کمپس کا حصہ رہ چکی ہے۔ مصباح الحق کے دور میں پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے قبل کاکول اکیڈمی میں فوج کے ساتھ ایک تربیتی کیمپ میں حصہ لیا تھا۔
مصباح الحق نے جب پہلے ٹیسٹ میں سنچری بنائی تو انہوں نے دس پش اپس کر کے جشن بھی منایا جس کے بعد فوجی سلیوٹ بھی دیا گیا تھا۔

شیئر: