کور کمانڈر کانفرنس کی تائید کرتا ہوں کہ 9 مئی کے ملزمان کو سزا ملنی چاہیے: عمران خان
عمران خان کا کہنا تھا کہ ’اتوار کو پی ٹی آئی دھاندلی کے خلاف پشاور میں بڑا جلسہ کرے گی‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
سابق وزیراعظم اور پی ٹی آئی کے بانی عمران خان نے کہا ہے کہ ’میں کور کمانڈر کانفرنس کے اعلامیے کی مکمل تائید کرتا ہوں۔نو مئی کے ملزمان کو سزا ملنی چاہیے۔‘
بدھ کو اڈیالہ جیل راولپنڈی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ’سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعے نو مئی میں ملوث افراد کا تعین کیا جائے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’کیپیٹل ہِل پر حملے میں ملوث افراد کو بھی سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے پکڑا گیا تھا۔‘
’نو مئی کے واقعات کی آزادانہ انکوائری میں کسی کی دلچسپی نہیں، اس حوالے سے ابھی تک جوڈیشل کمیشن کیوں نہیں بنایا گیا؟‘
تحریک انصاف کے بانی چیئرمین کا کہنا تھا کہ ’پی ٹی آئی کو مخصوص نشستیں نہ دے کر جمہوریت کی نفی کی گئی ہے۔‘
’جن پارٹیوں کی مخصوص سیٹیں نہیں بنتیں انہیں یہ کیسے دی جا سکتی ہیں؟ پی ٹی آئی کو مخصوص نشستیں نہ دینا غیر آئینی عمل ہے۔‘
سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ’لکھ لیں اتوار کو تحریک انصاف دھاندلی کے خلاف پشاور میں بڑا جلسہ کرے گی۔‘
’مشرقی پاکستان میں بھی عوام کو مینڈیٹ سے محروم کیا گیا جس کی وجہ سے ملک ٹوٹا، سیاسی استحکام کے بغیر ملک نہیں چل سکتا۔‘
عمران خان کا کہنا تھا کہ ’8 فروری کو ملک کی تاریخ کا سب سے زیادہ دھاندلی زدہ الیکشن ہوا ہے، ان انتخابات سے ملکی معیشت بیٹھ جائے گی۔
انہوں ںے کہا کہ ‘شریف خاندان نے ’ووٹ کو عزت دو‘ کے بیانیے سے انحراف کر کے سب سے بڑا یو ٹرن لیا ہے۔‘