Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدید ترین خصوصیات سے مزین’سینٹرل جدہ‘ منصوبے کا افتتاح

فرنشڈ اپارٹمنٹس، ساحلی تفریحی مقامات بھی منصوبے کا حصہ ہیں (فوٹو ایس پی اے)
جدہ سینٹرل ڈیولپمنٹ کمپنی نے شہر کے وسط میں اوپیرا ہاؤس، سٹیڈیم، ایکویریئم اور انڈسٹریل میوزیم پر مشتمل ’سینٹرل جدہ‘ منصوبے کا افتتاح کردیا۔
سعودی خبر رساں ادارے ’ایس پی اے‘  کے مطابق 75 ارب ریال کی لاگت سے تیار ہونے والے ’سینٹرل جدہ‘  منصوبے  میں  عالمی معیار کی رہائشی وتفریحی سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی ۔
ترقیاتی منصوبے کی تکمیل کے لیے مختلف بین الاقوامی اداروں کے ساتھ معاہدوں پر دستخط ہوگئے ہیں۔

سینٹر جدہ منصوبے میں اوپیرا ہاؤس اور 3 تھیٹرز بھی تعمیر کیے جائیں گے(فوٹو ایس پی اے)

منصوبے میں وژن 2030 کے ثقافتی اہداف کو مدنظر رکھتے ہوئے اوپیرا ہاؤس  اورتین تھیٹرز بھی ہوں گے جن میں مجموعی طور پر 2400 افراد گنجائش ہوگی۔
مرکزی ہال میں تین لیولز پر 1500 نشستیں لگائی گئی ہیں، درمیانہ ہال مختلف فنکارانہ نمائشوں کے لیے مخصوص ہے جبکہ ٹریننگ اور تیاری کے لیے علیحدہ ہال ہے۔
اوپرا ہاؤس کے تمام ہالز ساؤنڈ پروف ہیں جس کی وجہ سے ایک ہی وقت میں ہونے والے مختلف پروگرامز کی آواز سے دوسرے ہال میں موجود افراد متاثرنہیں ہوں گے۔
علاوہ ازیں منصوبے میں عالمی معیار کے سٹیڈیم   بھی تعمیر کیے جائیں گےجس میں مختلف مقامی وبین الاقوامی مقابلوں اور تفریحی سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔
مجوزہ اسٹیڈیم  میں 45 ہزار شائقین کی گنجائش ہوگی جبکہ سٹیڈیم میں خصوصی ایئرکنڈیشنڈ ہالز کے علاوہ کھلے سبزہ زار بھی تعمیر کیے جائیں گے۔

مجوزہ منصوبے میں میرین پارک اور مارکیٹ کی سہولت بھی ہوگی (فوٹو ایس پی اے)

دوسری جانب ’جدہ سینٹرل‘ منصوبے میں آبی حیات اور ماحولیات کے متعلق آگاہی بڑھانے اور پانی کی خوبصورتی اور اہمیت اجاگر کرنے کے لیے میرین پارک بنایا جائے گا جس میں کئی ایکویریئمز ہوں گے۔ مرکزی ایکویریئم کا رقبہ فٹبال گراؤنڈ کے برابر ہوگا جہاں وزٹرز سمندر کی گہرائیوں میں موجود آبی حیات کے نظارے کریں گے۔
میرین پارک تفریحی مقام ہونے کے علاوہ عالمی معیار کا سائنسی مرکز بھی ہوگا۔ آبی حیات کے مختلف موضوعات اور بحر احمر کے اطراف میں ماحولیاتی زندگی بہتر بنانے پر علمی تحقیق کی سہولیات موجود ہوں گی۔

سینٹرل جدہ منصوبہ قصر السلام کے شمال میں واقع ہے(فوٹو، ایس پی اے)

واضح رہے کہ سینٹرل جدہ منصوبہ قصر السلام کے شمال میں واقع ہے جہاں رہائشیوں اور وزیٹرز کے لیے یومیہ ضروریات اور طبی سہولیات کے علاوہ 17 ہزار گھر، 2700 فرنشڈ اپارٹمنٹس، 2 کلو میٹر طویل سینڈ بیچ اور 10 تفریحی وسیاحتی منصوبے شامل ہیں۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: