حسن اور حسین نواز کے دائمی وارنٹ گرفتاری 14 مارچ تک معطل
وزیراعظم شہباز شریف سے جنرل ساحر شمشاد مرزا کی ملاقات
وزیراعظم محمد شہباز شریف سے چئیرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا کی وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی ہے۔
انہوں نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
ملاقات میں پاکستان کی مسلح افواج کے پیشہ ورانہ اور سیکورٹی امور سے متعلق بات چیت ہوئی۔
---------------------------------------------
نوازشریف کے بیٹے حسن اور حسین نواز کے دائمی وارنٹ گرفتاری معطل
اسلام آباد کی احتساب عدالت نے مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف کے بیٹے حسن نواز اور حسین نواز کے دائمی وارنٹ گرفتاری معطل کر دیے ہیں۔
احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے 14 مارچ تک کے لیے ملزمان کے دائمی وارنٹ گرفتاری معطل کیے۔
حسن نواز اور حسین نواز کے وکیل قاضی مصباح الحسن اور رانا عرفان ایڈووکیٹ عدالت پیش ہوئے۔
احتساب عدالت نے سات سال قبل دونوں کو اشتہاری قرار دیا تھا جس کے بعد حسین نواز اور حسن نواز نے وارنٹ معطلی کے لیے عدالت سے رجوع کیا تھا۔
حسین نواز اور حسن نواز نے نیب ریفرنسز ایون فیلڈ، فلیگ شپ اور العزیزیہ میں درخواستیں دائر کی تھیں۔
---------------------------------------------
جسٹس نعیم اختر افغان کی بطور جج سپریم کورٹ آف پاکستان تعیناتی کی منظوری
صدر مملکت عارف علوی نے تین ججوں کی تعیناتی کی منظوری دے دی ہے۔
صدر عارف علوی نے جسٹس نعیم اختر افغان کی بطور جج سپریم کورٹ آف پاکستان تعیناتی کی منظوری دی۔
جسٹس نعیم اختر افغان بلوچستان ہائی کورٹ کے چیف جسٹس ہیں۔
صدر نے جسٹس نعیم اختر افغان کی تعیناتی کی منظوری آئین کے آرٹیکل 175 (اے) 13 کے تحت دی۔
ڈاکٹر عارف علوی نے جسٹس ملک شہزاد احمد خان کی بطور چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ تعیناتی کی بھی منظوری دی۔
جسٹس ملک شہزاد احمد خان لاہو رہائی کورٹ کے سینئر ترین جج ہیں۔
بلوچستان ہائی کورٹ کے سینیئر ترین جج جسٹس محمد ہاشم خان کاکڑ کی بطور قائم مقام چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ تعیناتی کی بھی منظوری دی گئی۔
صدر مملکت نے قائم مقام چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ تعیناتی کی منظوری آئین کے آرٹیکل 196 کے تحت دی ہے۔
پاکستان اور انڈیا کے درمیان مذاکرات کا خیرمقدم کریں گے، امریکہ
امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ انڈیا اور پاکستان دونوں ممالک کے ساتھ تعلقات کو اہمیت دیتے ہیں اور ان کے درمیان پرامن اور سودمند تعلقات کے خواہاں ہیں۔
پریس بریفنگ سے خطاب میں امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ نریندر مودی کی جانب سے پاکستان کے نومنتخب وزیراعظم کو مبارکباد کے پیغام کا خیرمقدم کرتے ہیں۔
میتھیو ملر سے سوال کیا گیا کہ کیا امریکہ انڈیا اور پاکستان کے درمیان تمام معاملات بشمول کشمیر پر آئندہ مذاکرات کا خیرمقدم کرے گا، ترجمان نے دونوں ممالک کے درمیان نتیجہ خیز اور پرامن بات چیت کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ’مذاکرات کی رفتار، دائرہ کار اور کردار کا تعین انڈیا اور پاکستان کو کرنا ہوگا۔‘
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف سے اے ایس پی شہر بانو نقوی کی ملاقات
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اے ایس پی شہر بانو نقوی سے اپنے دفتر میں ملاقات کی اور اچھرہ واقعے میں جرات کا مظاہرہ کرنے پر ان کو سراہا۔
ملاقات کے دوران اے ایس پی شہر بانو نے اچھرہ واقعے کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔
وزیراعلیٰ نے اے ایس پی شہر بانو نقوی کو نوجوان افسروں کے لیے قابل تقلید قرار دیا۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ اے ایس پی شہر بانو نے نوجوان افسروں کے لیے بہادری اور جرأت کی مثال قائم کر دی ہے۔
ملاقات میں سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، آئی جی پنجاب پولیس، سی سی پی او لاہور، ایس ایس پی لاء اینڈ آرڈربھی موجود تھے۔
کور کمانڈرز کانفرنس کی تائید کرتا ہوں کہ 9 مئی کے ملزمان کو سزا ملنی چاہیے: عمران خان
سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے کور کمانڈرز کانفرنس کے اعلامیے کی ’مکمل تائید‘ کرتے ہوئے کہا کہ نو مئی کے ملزمان کو سزا ملنی چاہیے۔
بدھ کو اڈیالہ جیل راولپنڈی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ’سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعے نو مئی میں ملوث افراد کا تعین کیا جائے۔ کیپیٹل ہِل پر حملے میں ملوث افراد کو بھی سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے پکڑا گیا تھا۔‘
عمران خان نے کہا کہ ’نو مئی کے واقعات کی آزادانہ انکوائری میں کسی کی دلچسپی نہیں، اس حوالے سے ابھی تک جوڈیشل کمیشن کیوں نہیں بنایا گیا؟‘
پنجاب کی 18 رکنی کابینہ نے حلف اٹھا لیا، مریم اورنگ زیب سینیئر وزیر
پنجاب کی 18 رکنی صوبائی کابینہ نے حلف اٹھا لیا ہے۔ حلف کی تقریب گورنر ہاؤس میں ہوئی جس میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے شرکت کی۔ گورنر پنجاب بلیغ الرحمٰن نے وزرا سے حلف لیا۔
وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے حلف اٹھانے والے وزرا کو مبارکباد دی اور نئی کابینہ کے ارکان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
اس موقع پر انہوں نے کہا ’پنجاب کی نئی کابینہ سے عوام کو بہت سی توقعات وابستہ ہیں، انشا اللہ عوامی امیدوں پر پورا اتریں گے۔ میں اورمیری ٹیم آج کے دن سے عوام کی خدمت کا عہد کرتے ہیں۔‘