ڈینٹل کلینکس میں 35 فیصد سعودائزیشن کا آغاز اتوار سے
سعودی ڈینٹسٹ بھرتی کرنے کے لیے گزشتہ برس 6 ماہ کی مہلت دی گئی تھی (فوٹو: سبق)
سعودی وزارت افرادی قوت کی جانب سے ڈینٹل کلینکس میں 35 فیصد سعودائزیشن کے قانون پرعمل کرنے کی ڈیڈ لائن 10 مارچ کو ختم ہورہی ہے۔
سبق نیوز کے مطابق وزارت افرادی قوت نے مملکت میں موجود تمام ڈینٹل کلینکس کو سعودی ڈینٹسٹ بھرتی کرنے کے لیے گزشتہ برس 6 ماہ کی مہلت دی گئی تھی۔
مہلت ختم ہونے کے بعد وزارت کی ٹیمیں ڈینٹل کیلنکس کا دورہ کریں گی تاکہ اس امر کی یقین دہانی کی جاسکے کہ نجی کلینکس دانتوں کے امراض کے شعبے میں کتنے سعودی ڈاکٹر کو تعینات کیا گیا ہے۔
سعودائزیشن قانون کے مطابق ایسے کلینکس جہاں کم از کم 3 غیرملکی ڈینٹسٹ کام کررہے ہوں وہاں کم از کم ایک سعودی ڈاکٹر کو تعینات کرنا ضروری ہے۔
سعودی ڈاکٹر کی کم از کم ماہانہ تنخواہ 7 ہزار ریال مقرر کی گئی ہے۔
وزارت کا کہنا ہے’ تنخواہ کا معاہدہ وزارت کے پورٹل پر اپ لوڈ کرنا ضروری ہے جس کا اندراج سوشل سیکیورٹی انشورنس اسکیم میں کیا جائے گا۔‘
’اگر سعودی ڈاکٹر کو مقررہ تنخواہ سے کم ادا کی جائے تو اس صورت میں کلینک سے سعودائزیشن کی شق ختم نہیں ہو گی بلکہ یہ خلاف ورزی شمار کی جائے گی۔‘
وزارت کے مطابق’ ڈینٹل کلیکنس میں سعودائزیشن کے قانون کو مرحلہ وار نافذ کیا جارہا ہے جس کا مقصدر زیادہ سے زیادہ سعودی شہریوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے۔‘