انجینیئرنگ کے شعبے میں 25 فیصد سعودائزیشن کا آغاز 21 جولائی سے
اتوار 21 جنوری 2024 18:28
فیصلے کا مقصد مقامی شہریوں کو روزگار کے مزید مواقع فراہم کرنا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود نے کہا ہے کہ ’21 جولائی 2024 سے پرائیویٹ کمپنیوں و اداروں میں انجینیئرنگ کے مختلف پیشوں کی 25 فیصد سعودائزیشن کا آغاز کیا جائے گا۔‘
سعودائزیشن کا فیصلہ ان نجی اداروں پر نافذ کیا جائے گا جن میں پانچ کارکن انجینیئرنگ کے شعبے پر کام کررہے ہوں گے۔
وزارت افرادی قوت نے بیان میں کہا کہ انجینیئرنگ کے شعبے میں 25 فیصد سعودائزیشن کے فیصلے پر عمل درآمد وزارت بلدیات و دیہی و آباد کاری امور کے تعاون سے کرایا جائے گا۔
وزارت افرادی قوت اور وزارت بلدیات کے فیصلے کا مقصد سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں مقامی شہریوں کو روزگار کے مزید مواقع فراہم کرنا ہے۔
وزارت نے اپنی ویب سائٹ پرسعودائزیشن، انجینیئرنگ کے پیشوں اور تناسب کی تفصیلارت جاری کی ہیں۔
وزارت نے نجی اداروں کو ہدایت کی کہ وہ سعودائزیشن کے فیصلے کی پابندی کریں۔ خلاف ورزی پر ان کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی۔
وزارت بلدیات و دیہی و آباد کاری امور انجینیئرنگ کے پیشوں کی سعودائزیشن کے فیصلے پرعمل درآمد کرائے گی اور سعودائزیشن کے عمل پر نظر رکھے گی۔
سعودائزیشن کے فیصلے پرعمل درآمد کرنے والے اداروں کو مختلف سہولتیں اور ترغیبات دی جائیں گی۔