لائیو: اسحاق ڈار خارجہ، اورنگزیب خزانہ اور خواجہ آصف وزیر دفاع، کابینہ اراکین کو قلمدان سپرد
عمر ایوب نے کہا کہ مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی اور ق لیگ نے تحریک انصاف اور بانی تحریک انصاف کو نشانہ بنائے رکھا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
-----------------------------------------------------------------
ڈار خارجہ، محمد اورنگزیب خزانہ اور خواجہ آصف وزیر دفاع، کابنیہ اراکین کو قلمدان سپرد
وفاقی کابینہ میں شامل وزرا کو قلمدان سونپ دیے گئے ہیں۔
حکومتی اعلامیے کے مطابق خواجہ محمد آصف کو دفاع، محمد اسحاق ڈار کو وزارت خارجہ، عطاء اﷲ تارڑ کو وزارت اطلاعات، عبدالعلیم خان کو وزارت نجکاری، احسن اقبال کو منصوبہ بندی، محسن نقوی کو وزرات داخلہ کا قلمدان دیا گیا ہے۔
جام کمال خان کو وزارت تجارت، رانا تنویر حسین کو صنعت و پیداوار، مصدق ملک کو پیٹرولیم، اعظم نذیر تارڑ کو قانون، خالد مقبول صدیقی کو سائینس اینڈ ٹیکنالوجی، قیصر شیخ، ریاض پیرزادہ ، احد چیمہ، اویس لغاری کو ریلوے، چوہدری سالک حسین کو اوورسیز پاکستانیز اور محمد اورنگزیب کو وزارت خزانہ کا قلمندان دیا گیا ہے۔
انجینئر امیر مقام کو سیفران، احد چیمہ کو اکنامک افیئرز اور قیصر احمد شیخ کو میری ٹائمز کی وزارت دی گئی ہے۔
سینیٹ انتخابات دو اپریل کو ہوگے: الیکشن کمیشن
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سینیٹ انتخابات 2024 کے لیے اپنی تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ دو اپریل کو نئے انتخابات کے لیے پولنگ ہو گی۔
پیر کو الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ہونے والی پریس ریلیز کے مطابق 52 سینیٹرز اپنی چھ سالہ مدت پوری کرنے کے بعد 12 مارچ 2024 کو ریٹائرڈ ہو جائیں گے۔
تاہم سابقہ فاٹا سے منتخب چار ارکان سینیٹ کی جانب سے خالی ہونی والی نشستوں پر سینیٹ کا انتخاب نہیں ہو گا، کیونکہ سنہ 2018 میں فاٹا کے صوبہ خیبر پختونخوا میں انضمام کے بعد سینیٹ میں فاٹا کے لیے مختص سیٹیں 25 ویں آئینی ترمیم کے تحت ختم ہو چکی ہیں۔ لہذا کل 48 سیٹوں پر سینیٹ کا انتخاب عمل میں آئے گا۔
ان 48 سیٹوں میں 29 جنرل، آٹھ خواتین، نو علما/ٹیکنوکریٹ اور دو غیرمسلموں کی نشستیں شامل ہیں۔
پریس ریلیز کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے 14 مارچ کو انتخابی شیڈول جمع کرایا جائے گا۔ امیدوار 15 اور 16 مارچ کو کاغذات نامزدگی متعلقہ ریٹرنگ افسران کے دفاتر میں جمع کرا سکتے ہیں۔
پی ٹی آئی کے پُرامن مظاہرے جاری رہیں گے: عمر ایوب
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمر ایوب نے کہا ہے کہ اس وقت پاکستان میں ’انسانی حقوق کی خلاف ورزی‘ عروج پر ہے۔
پیر کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہا کہ مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی اور ق لیگ نے تحریک انصاف اور بانی تحریک انصاف کو نشانہ بنائے رکھا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ’نگراں حکومتیں غیرآئینی تھیں اور انتخابات میں فارم 45 سے 47 کے ذریعے ہمیں ہرایا گیا۔‘
’ہم آئینی اور قانونی طریقے سے قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں احتجاجی مظاہرے کریں گے۔ ہماری قومی اسمبلی میں جو سیٹیں ہونی چاہییں اس کے لیے پُرامن مظاہرے جاری رہیں گے۔‘