پی آئی اے کی پائلٹس اور عملے کو دورانِ پرواز روزہ نہ رکھنے کی ہدایت
جمعرات 14 مارچ 2024 19:39
پی آئی اے کی جانب سے یہ سیفٹی ایڈوائزی آٹھ مارچ کو جاری کی گئی تھی (فائل فوٹو: روئٹرز)
پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے اپنے پائلٹس اور جہاز کے عملے کے دیگر ارکان کو رمضان میں دوران پرواز روزہ نہ رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
عرب نیوز پاکستان کے مطابق پی آئی اے کی جانب سے یہ سیفٹی ایڈوائزری آٹھ مارچ کو جاری کی گئی۔
پاکستان کی قومی ایئرلائن کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ روزہ رکھنے کی وجہ سے جہاز کی محفوظ اڑان کے لیے ضروری اقدامات میں خلل اور تاخیر واقع ہو سکتی ہے جس مسافروں کی زندگیاں خطرے میں پڑنے کا خدشہ ہے۔ پی آئی اے نے کہا کہ اگرچہ روزے کا تقدس مسلّم ہے۔ لوگ اس کے دوران اپنے معمولات میں تبدیلی کے عمل سے گزرتے ہیں۔
ایڈوائزری میں مزید کہا گیا کہ ’اس کیفیت میں عملہ ہائپوگلیسیمیا (خون میں گلوکوز کی کمی)، جسم میں پانی کی کمی، قوت فیصلہ میں خلل اور قوتِ برداشت میں کمی کا شکار ہو سکتا ہے۔‘
پی آئی اے نے کہا کہ ان تمام عوامل پر غور کرنے کے بعد یہ واضح ہوتا ہے کہ روزے کی حالت میں پرواز نہ صرف آپ کی جان کے لیے بلکہ جہاز میں سوار دوسرے افراد کے لیے بھی خطرہ کا باعث ہے۔
’لہٰذا کاک پٹ کا عملہ جو روزہ رکھ رہا ہے، انہیں پرواز کے دوران روزہ نہ رکھنےکا مشورہ دیا جاتا ہے۔‘
پی آئی اے نے مزید کہا کہ اگر کسی لائسنس یافتہ پائلٹ یا عملے کے رکن کو علم ہو کہ اس کی جسمانی حالت ٹھیک نہیں، چاہے ایسا صرف عارضی طور پر کسی معمولی بیماری کی وجہ سے ہوا ہو یا روزے کے دوران ہوا ہو، وہ اس وقت تک اپنی ڈیوٹی انجام نہیں دیں گے جب تک انہیں اپنی حالت کے بہتر ہونے کا اطمینان نہیں ہو جاتا۔