مسجد الحرام میں اسکاوٹس زائرین کی کیسے مدد کررہے ہیں
جمعرات 14 مارچ 2024 20:53
ماہ مقدس میں 900 اسکاؤٹس اور 40 اسکاؤٹ لیڈرز مسجد الحرام میں تعینات ہیں (فوٹو: سبق)
مکہ مکرمہ ریجن کے ڈائریکٹر جنرل ایجوکیشن عبداللہ بن سعد الغنام نے مسجد الحرام میں معتمرین اور زائرین کی خدمت پرمامور اسکاؤٹس کی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔
سبق ویب کے مطابق عبداللہ بن سعد الغنام نے رضاکارانہ سرگرمیوں کے مختلف شعبوں اور رمضان المبارک میں اسکاوٹس تیاریوں کے حوالے سے بریفنگ لی۔
واضح رہے کہ ماہ مقدس میں 900 اسکاؤٹس اور 40 اسکاؤٹ لیڈرز مسجد الحرام میں مختلف رضاکارانہ کام کر رہے ہیں جن میں ویل چیئرز چلانا، افطارکی تقسیم اور سکیورٹی اداروں کے تعاون سے ازدحام کو کنٹرول کرنا شامل ہیں۔
وزارت تعلیم کے پروگرام کے تحت کام کرنے والے اسکاؤٹس کی خدمات ان کی رضاکارانہ سرگرمیوں میں دلچسپی اور وطن سے لگاؤ میں اضافے کے علاوہ سعودی شہریوں کی مثبت تصویر پیش کرتے ہیں۔
اس موقع پرعبداللہ بن سعد الغنام نے کہا کہ ’وزارت تعلیم کے اسکاؤٹس کی جانب سے مسجد الحرام میں رضاکارانہ خدمات حکومت سعودی عرب کی حرمین شریفین کے زائرین کو سہولتیں فراہم کرنے کی کوششوں کا تسلسل ہے۔‘