Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسفندیار ولی نے پی ٹی آئی رہنما کے خلاف ہرجانہ کیس جیت لیا، 15 کروڑ روپے جرمانہ

جج نے پانچ صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کردیا ہے۔ (فوٹو: ایکس)
خیبرپختونخوا کے شہر پشاور کی مقامی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی کے خلاف عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفندیار ولی خان کی ہتک عزت کی درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں 15 کروڑ روپے بطور ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
شوکت یوسفزئی نے اسفندیار ولی پر 25 ملین ڈالر میں پختونوں کا سودا کرنے کا الزام لگایا تھا۔
اس بیان پر اسفندیار ولی خان نے 2019 میں شوکت یوسفزئی کے خلاف ہرجانے کا کیس دائر کیا تھا۔
پیر کو پشاور کے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے ہرجانہ کیس کا پانچ صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کیا۔
پی ٹی آئی رہنما شوکت یوسفزئی کی عدالت میں عدم پیشی پر ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے یک طرفہ کارروائی کرتے ہوئے فیصلہ جاری کیا۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں شوکت یوسفزئی کو اسفند یار ولی خان کو 15 کروڑ روپے ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دیا۔
عدالت نے تحریری فیصلے میں لکھا ہے کہ شوکت یوسفزئی طلبی کے باوجود عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔

شیئر: