اداروں کے خلاف مہم چلانے کا کیس، صحافی اسد علی طور ضمانت پر رہا
اسد علی طور کو ایف آئی اے نے 26 فروری کو گرفتار کیا تھا۔ (فوٹو: میر حمزہ بلوچ)
اداروں کے خلاف مہم چلانے کے کیس میں اسلام آباد کی مقامی عدالت نے صحافی اسد علی طور کی ضمانت بعد از گرفتاری منظور کر لی۔
سنیچر کو سپیشل جج سینٹرل ہمایوں دلاور نے کیس کی سماعت کی۔
عدالت نے صحافی اسد علی طور کی ضمانت پانچ ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض منظور کی۔ اسد طور کے وکلا ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ عدالت میں پیش ہوئے۔
ایف آئی اے کے سپیشل پراسیکیوٹر سید اشفاق حسین شاہ بھی عدالت میں موجود تھے۔
جمعے کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے سپیشل جج سینٹرل کو اسد طور کی درخواست ضمانت پر سماعت کر کے فیصلہ کرنے کا حکم دیا تھا۔
ہائی کورٹ نے ایف آئی اے حکام کو بھی ریکارڈ کے ساتھ سپیشل جج سینٹرل کی عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔
صحافی اسد علی طور کو ایف آئی اے نے اداروں کے خلاف مہم چلانے پر 26 فروری کو گرفتار کیا تھا۔