Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہنر مند افرادی قوت کی طلب، سعودی عرب پاکستان میں جدید یونیورسٹی قائم کرے گا

سعودی لیبر مارکیٹ کی ضروریات کو دیکھتے ہوئے پاکستان کارکنوں کو تربیت دی جائے گی۔ فوٹو: اے ایف پی
سعودی عرب مملکت میں شروع ہونے والے منصوبوں کے لیے ہنر مند افرادی قوت کی طلب کو پورا کرنے کی غرض سے پاکستان میں ایک جدید ترین ’سکل یونیورسٹی‘ قائم کرے گا۔
پاکستان کی سرکاری نیوز ایجنسی اے پی پی کے مطابق وزارت سمندر پار پاکستانی اور انسانی وسائل کی ترقی نے حال ہی میں نیوم سٹی اور مستقبل کے دیگر منصوبوں کے لیے پاکستانی ہنرمند اور نیم ہنرمند کارکنوں کا خصوصی کوٹہ مختص کرنے کی تجویز دی ہے۔
رپورٹ میں عہدیداروں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ سعودی عرب کی لیبر مارکیٹ کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے پاکستانی کارکنوں کی تربیت اور ان کی مہارتوں اور صلاحیتوں میں اضافے پر بھی غور کیا گیا۔
وزارت نے  اسلام آباد میں سعودی عرب کے سفارتخانے، کراچی کے قونصل خانے اور پاکستانی حکام کے درمیان باہمی تعاون کی تجویز دی ہے تاکہ سعودی شعبے میں نئے اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز کو لانے کے لیے سہولیات پیدا کی جائیں۔
خیال رہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مضبوط تجارتی، دفاعی اور برادرانہ تعلقات ہیں۔ سعودی عرب میں 27 لاکھ سے زیادہ پاکستانی تارکین وطن رہائش پذیر ہیں۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعداد و شمار کے مطابق فروری 2024 میں سعودی عرب سے ترسیلات زر کا حجم 540 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا ہے جو گذشتہ سال فروری کے مقابلے میں 19 فیصد زیادہ ہے۔

شیئر: