پاکستان کے سٹیٹ بینک نے کہا ہے کہ ماہ ستمبر کے مقابلے میں اکتوبر 2023 میں پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زر کی مد میں 2 اعشاریہ پانچ ارب ڈالر کی رقم موصول ہوئی ہے۔
’اکتوبر 2023 میں کارکنوں کی ترسیلات زر کی مد میں 2 اعشاریہ پانچ ارب ڈالر کی رقم آئی جو پچھلے ماہ کے مقابلے میں 11 اعشاریہ پانچ فیصد اضافہ ظاہر کرتی ہے۔‘
سٹیٹ بینک کے مطابق نمو کے لحاظ سے اکتوبر 2023 کے دوران ترسیلات زر میں ماہانہ بنیاد پر 11 اعشاریہ پانچ فیصد اور سالانہ بنیاد پر 9 اعشاریہ چھ فیصد اضافہ ہوا۔
اعلامیے میں مرکزی بینک نے کہا ہے کہ مالی سال 2024 کے پہلے چار مہینوں کے دوران کارکنوں کی ترسیلات زر کی مد میں 8 اعشاریہ آٹھ ارب ڈالر کی رقم آئی۔
سٹیٹ بینک کے مطابق اکتوبر 2023 کے دوران ترسیلات زر زیادہ تر سعودی عرب سے 616.8 ملین ڈالر، متحدہ عرب امارات سے 473.9 ملین ڈالر، برطانیہ سے 330.2 ملین ڈالر اور امریکا سے 283.3 ملین ڈالر موصول ہوئیں۔