متحدہ عرب امارات کے سفیر کی سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ملاقات
سپیکر ایاز صادق نے یو اے ای کی سپیکر آف پارلیمنٹ کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی(فوٹو: قومی اسمبلی)
متحدہ عرب امارات کے پاکستان میں سفیر حماد عبید ابراھیم سالم الزعابی کی پاکستان کی قومی اسمبلی کے سپیکر سردار ایاز صادق سے ملاقات ہوئی ہے۔
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے جمعے کو جاری کردہ بیان کے مطابق ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال ہوا۔
اس موقعے پر اماراتی سفیر نے سردار ایاز صادق کو سپیکر کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔
بیان کے مطابق ’سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور اس کے ساتھ تمام شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’پاکستان-عرب امارات فرینڈ شپ گروپس کے مابین پارلیمانی سطح پر رابطوں کا فروغ ضروری ہے۔‘
سپیکر ایاز صادق نے یو اے ای کی سپیکر آف پارلیمنٹ کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔
ملاقات کے دوران اماراتی سفیر کا کہنا تھا کہ امارات پاکستان کے ساتھ دوستانہ اور برادرانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ پاکستان کی معاشی اور معاشرتی ترقی میں شانہ بہ شانہ کھڑے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’پاکستان کی افرادی قوت انتہائی ماہر اور قابل ہے۔ یو اے ای کی ترقی میں پاکستان کی افرادی قوت کا کردار قابل رشک ہے۔‘