سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان کے لیے نشانِ پاکستان کا اعزاز
ایوان صدر میں ایک تقریب کے دوران سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز ال سعود کو اعلٰی ترین سول اعزاز ’نشانِ پاکستان‘ پیش کیا گیا۔
سنیچر کو ایوان صدر میں سعودی وزیر دفاع کے اعزاز میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، وزیر دفاع اور تینوں مسلح افواج کے سربراہ شریک ہوئے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے سعودی وزیر دفاع کو نشانِ پاکستان دیا۔ تقریب میں سعودی سفیر بھی موجود تھے۔
نشانِ پاکستان پیش کرنے سے قبل تقریب کے میزبان نے کہا کہ سعودی عرب کے وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان اپنی غیرمعمولی صلاحیتوں اور خطے میں پائیدار امن کے لیے کی جانے والی کوششوں کی وجہ سے جانے جاتے ہیں۔
شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز ال سعود کی دہشت گردی کے خلاف کیے جانے والے اقدامات قابل تعریف ہیں۔
’سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے سعودی عرب اور پاکستان کے تعلقات کو سٹریٹیجک پارٹنرشپ کا تصور دیا جس نے خطے کی سکیورٹی اور استحکام میں اہم کردار ادا کیا، جبکہ شہزادہ خالد بن سلمان نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی بصیرت کو سامنے رکھتے ہوئے ان تعلقات اور باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔‘
اس سے قبل سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز ال سعود نے یوم پاکستان کے موقع پر دارالحکومت اسلام آباد میں ہونے والی پریڈ کی خصوصی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
یوم پاکستان کی تقریب میں سعودی عرب کے وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز ال سعود کو خصوصی طور پر دعوت دی گئی تھی۔
سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز ال سعود نے پریڈ کے مرکزی چبوترے پر پاکستان کے صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، آرمی چیف سید عاصم منیر، چیف آف جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف اور فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کے ہمراہ پریڈ کا معائنہ کیا۔
قبل ازیں تقریب میں آمد پر شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز ال سعود کا وزیراعظم شہباز شریف، صدر آصف علی زرداری، وزیر دفاع خواجہ آصف اور آرمی چیف عاصم منیر نے استقبال کیا۔
یوم پاکستان 23 مارچ 1940 کو برصغیر کے مسلمانوں کے لیے پیش کی جانے والی قرارداد لاہور کی یاد میں منایا جاتا ہے۔
یوم پاکستان کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ یہ دن قومی اہمیت کا حامل ہے اور آج کے دن برصغیر کے مسلمانوں نے الگ وطن کا مطالبہ کیا تھا۔
انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ ’ہم سعودی عرب، متحدہ امارات اور چین کے شکرگزار ہیں جنہوں نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا۔‘