Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی ترقیاتی فنڈ کے وفد کی وزیراعظم سے ملاقات، ’10 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کے معاہدے‘

سعودی ترقیاتی فنڈ کے ایک وفد نے پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی ہے۔
جمعے کو وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کرنے والے سعودی وفد کی قیادت سعودی ترقیاتی فنڈ (ایس ایف ڈی) کے سی ای او سلطان بن عبدالرحمان المرشد کر رہے تھے۔
بیان کے مطابق ’وزیراعظم نے وفد کا خیرمقدم کیا اور پاکستان میں صحت، توانائی، انفراسٹرکچر اور تعلیم کے شعبوں میں سعودی عرب کی جانب سے مالی امداد کو سراہا۔‘
سعودی وفد کے سربراہ سلطان بن عبدالرحمان المرشد نے پرجوش استقبال، میزبانی اور پاکستان کا قومی اعزاز ہلالِ قائداعظم دینے پر وزیراعظم کا شکریہ بھی ادا کیا۔
وزیراعظم نے پاکستان اور سعودی ترقیاتی فنڈ کے درمیان ہونے والے 10 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کے مالی معاہدوں پر خوشی کا اظہار بھی کیا۔
اس معاہدے کے تحت پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں دو ہائیڈروپاور پروجیکٹس کی تعمیر مکمل کی جائے گی۔
بیان کے مطابق ’وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ منصوبے نہ صرف پاکستان کو آلودگی سے پاک توانائی فراہمی اور جنگلات کے کٹاؤ کو کم کرنے میں مدد دیں گے بلکہ ان سے مقامی آبادی کو ملازمت کے مواقع بھی ملیں گے۔‘
اس موقعے پر سعودی ترقیاتی فنڈ کے سی ای او نے وزیراعظم کو کثیرالمقاصد مہمند ہائیڈروپاور پروجیکٹ، گولان گول ہائیڈروپاور پروجیکٹ، مالاکنڈ ریجنل ڈویلپمنٹ پروجیکٹ سمیت سعودی فنڈڈ دیگر منصوبوں میں پیش رفت سے بھی آگاہ کیا۔

سعودی ترقیاتی فنڈ کے سی ای او نے پاکستان کے وزیر برائے اقتصادی امور احد چیمہ سے بھی ملاقات کی (فوٹو: وزارت معاشی امور)

قبل ازیں پاکستان کی وزارت برائے معاشی امور نے ایک بیان میں کہا کہ سعودی ترقیاتی فنڈ کے سی ای او سلطان بن عبدالرحمان المرشد نے پاکستان کے وزیر برائے اقتصادی امور احد چیمہ سے ملاقات کی۔
اس موقعے پر پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان 48 میگاواٹ کے چھ کروڑ 60 لاکھ ڈالر مالیت کے شونتھڑ ہائیڈروپاور پروجیکٹ اور 4 کروڑ 10 لاکھ ڈالر مالیت کے 22 میگاواٹ کے جاگراں (فور) ہائیڈروپاور پراجیکٹ کی تعمیر کے معاہدے پر دستخط کیے گئے۔

شیئر: