Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عماد وسیم نے ریٹائرمنٹ واپس لے لی، ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے دستیاب ہوں گے

عماد وسیم نے پاکستان کی 55 ون ڈے اور 66 ٹی20 میچز میں نمائندگی کی (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر عماد وسیم نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ واپس لینے کا اعلان کر دیا ہے۔
عماد وسیم نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ واپس لینے کا اعلان سنیچر کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر کیا۔
عماد وسیم نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ انہوں نے ریٹائرمنٹ واپس لے لی ہے اور وہ رواں برس ہونے والے ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے دستیاب ہیں۔
آل راؤنڈر اپنی پوسٹ میں لکھتے ہیں کہ ’پی سی بی حکام کے ساتھ ملاقات کے بعد میں خوشی سے اس بات کا اعلان کر رہا ہوں کہ میں نے اپنی ریٹائرمنٹ واپس لے لی ہے اور میں آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے ٹی20 فارمیٹ میں پاکستان کرکٹ کے لیے دستیاب ہوں۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’میں پی سی بی کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گا جس نے مجھ پر دوبارہ سے بھروسہ کیا۔‘
 

سکرین شاٹ

خیال رہے کہ عماد وسیم نے گزشتہ برس نومبر میں تمام طرز کی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کا اعلان کیا تھا۔
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے نویں ایڈیشن کے لیے عماد وسیم کراچی کنگز کی ٹیم کو چھوڑ کر اسلام آباد یونائیٹڈ میں آئے جہاں پلے آف مرحلے اور فائنل میں اُن کی عمدہ کارکردگی کے باعث اسلام آباد یونائیٹڈ نے تیسری مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
عماد وسیم نے پی ایس ایل 9 کے فائنل میں ملتان سلطانز کے خلاف عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 4 اوورز میں 23 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔
پی ایس ایل میں متاثر کن پرفارمنس کے بعد عماد وسیم کی قومی ٹیم میں واپسی کے امکانات بڑھنے لگ گئے جس کے بعد انہوں نے ریٹائرمنٹ واپس لے لی۔
واضح رہے کہ عماد وسیم نے اپنے انٹرنیشنل کیریئر کا آغاز 2015 میں زمبابوے کے خلاف لاہور میں کھیلے گئے ٹی20 میچ سے کیا تھا۔
انہوں نے پاکستان کی 55 ون ڈے اور 66 ٹی20 میچز میں نمائندگی کی جس میں انہوں نے بالترتیب 986 رنز اور 44 وکٹیں جبکہ 486 رنز اور 65 وکٹیں حاصل کیں۔

شیئر: