Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی وزیر دفاع کی وزیراعظم سے ملاقات، ’سعودی عرب نے ہر محاذ پر ساتھ دیا‘

وزیراعظم نے کہا کہ ’پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔‘ (فوٹو: پی ایم آفس)
سعودی عرب کے وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبد العزیز ال سعود نے پاکستان کے وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی جس میں علاقائی امن و سلامتی اور خطے کی سکیورٹی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سنیچر کو وزیراعظم آفس سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ’ملاقات میں دو طرفہ امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ دونوں ممالک کے درمیان دفاع اور سکیورٹی کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔‘
ملاقات میں وزیر دفاع خواجہ آصف اور چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر بھی موجود تھے۔
وزیراعظم نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز، سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وزیراعظم  نے سعودی وزیرِ دفاع سے کہا کہ ’ہم آپ کے بڑے بھائی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے پاکستان کے دورے کا انتظار کر رہے ہیں۔ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ گہرے برادرانہ تعلقات ہیں جو کہ وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ سعودی عرب نے ہر محاذ پر پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔ میرے بطور وزیراعظم  پچھلے دور میں سعودی عرب نے پاکستان کی معاشی صورتحال میں بہتری کے لیے  کلیدی کردار ادا کیا۔‘
وزیراعظم نے پاکستان کے سب سے بڑا سول ایوارڈ نشان پاکستان ملنے پر سعودی وزیر دفاع کو مبارکباد دی۔
سعودی وزیر دفاع نے وزیراعظم کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
سعودی وزیر دفاع نے کہا کہ ’یوم پاکستان کی پریڈ میں بطور مہمان خصوصی مدعو کرنے کا پاکستان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ آج کی پریڈ میں انہیں پاکستان کی افواج کی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ دیکھنے کو ملا۔‘
شہزادہ خالد بن سلمان کا کہنا تھا کہ ’چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر کے حالیہ دورہ سعودی عرب سے دونوں ممالک کے دفاعی تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔‘
اس موقع پر وزیراعظم نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس کونسل کے قیام سے سرمایہ کاروں کے لیے ون ونڈو آپریشن کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جس سے کاروبار اور سرمایہ کاری میں آسانیاں پیدا ہوئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں زراعت، معدنیات، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان دفاعی کے ساتھ ساتھ معاشی تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے۔
سعودی وزیر دفاع کی صدر آصف علی زرداری سے ملاقات

سعودی عرب کے وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبد العزیز ال سعود نے صدر پاکستان آصف علی زرداری سے ملاقات کی۔
ایوان صدر سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ملاقات کے دوران پاکستان اور سعودی عرب کا باہمی مفاد کے لیے دوطرفہ تعاون مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
ملاقات میں وزیراعظم شہباز شریف، وفاقی وزیر دفاع و دفاعی پیداوار خواجہ محمد آصف، چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر اور پاکستان میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی بھی موجود تھے۔
 صدر نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔
دونوں ممالک کا برادرانہ رشتہ مشترکہ عقیدے اور تاریخی تعلقات سے عبارت ہے۔‘
صدر نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔
 انہوں نے مشکل وقت میں پاکستان کو فراہم کی جانے والی حمایت پر سعودی عرب کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔
 صدر مملکت نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز ال سعود کی قیادت اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان ال سعود کے وژن کو بھی سراہا۔

شیئر: