فیفا ورلڈ کپ کوالیفائر راؤنڈ: اردن نے پاکستان کو سات گول سے شکست دیدی
پاکستان کی ٹیم متاثر کن کھیل پیش کرنے میں ناکام رہی جس سے شائقین مایوس ہوئے۔ فوٹو: پاکستان فٹبال
فٹ بال ورلڈ کپ 2026 کے دوسرے کوالیفائنگ راؤنڈ میں اردن نے پاکستان کو دوسرے میچ میں سات گول سے شکست دے دی۔
اردن اور پاکستانی ٹیم کا دوسرا میچ منگل کی شب اردن کے دارالحکومت عمان میں عمان انٹرنیشنل سٹیڈیم میں کھیلا گیا۔
اردن کی ٹیم نے 90 منٹ میں 7 گول کیے اور پاکستان کی ٹیم جواب میں کوئی گول سکور نہ کر سکی۔
اسلام آباد میں گزشتہ ہفتے کھیلے گئے میچ میں اردن کی ٹیم نے پاکستان کو تین صفر سے ہرایا تھا۔
میچ میں اردن کے فارورڈ موسیٰ التماری نے تین گول سکور کیے۔
انہوں نے پہلا گول میچ کے سولہویں منٹ میں کیا تھا، اس کے بعد انہوں نے 62 ویں اور 79 ویں منٹ میں مزید دو گول کیے۔ اردن کے یزن علی نعمت نے 28 ویں منٹ میں پیلنٹی پر گول کیا۔
سعید الروسن اور علی علوان اور محمد ابو زرائق نے ایک ایک گول کیا۔
پاکستان کی ٹیم متاثر کن کھیل پیش کرنے میں ناکام رہی جس سے شائقین مایوس ہوئے۔
پاکستان کو ورلڈ کپ کے دوسرے کوالیفائنگ راؤنڈ میں 6 جون کو سعودی عرب اور 11 جون کو تاجکستان کے ساتھ میچ کھیلنا ہے۔