Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

رفح میں اسرائیلی کارروائیوں سے زمینی حملہ شروع ہونے کا خدشہ

رفح پر حملے کا حوالے سے فلسطینی شہریوں میں خوف پایا جاتا ہے۔ (فوٹو: روئٹرز)
اسرائیل نے بدھ کو رفح میں کم از کم چار گھروں پر بمباری کی ہے جس نے وہاں موجود دس لاکھ سے زیادہ فلسطینیوں میں ایک نیا خدشہ پیدا کر دیا ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق محکمہ صحت کے حکام نے بتایا ہے کہ ایک فضائی حملے میں ایک ہی خاندان کے 11 افراد ہلاک ہوئے۔
موسیٰ ظہیر کے مطابق وہ دھماکے سے بیدار ہوئے۔ انہوں نے اپنی خوفزدہ بیٹی کو پیار کیا، اور تباہی دیکھنے کے لیے باہر کی جانب بھاگے جہاں ان کے 75 برس کے والد اور 62 برس کی والدہ ہلاک والوں میں شامل ہیں۔
مجھے نہیں معلوم کہ کیا کرنا ہے۔ مجھے نہیں معلوم کہ کیا کہنا ہے۔ مجھے سمجھ نہیں آ رہا کہ کیا واقعہ پیش آیا ہے۔ میرے والدین۔ میرے والد اپنے بے گھر دوستوں کے ساتھ جو غزہ شہر سے آئے تھے۔ وہ سب اکٹھے بیٹھے ہوئے تھے اور وہ اچانک خاک کی طرح غائب ہو گئے۔‘
دھماکے کے ایک اور مقام پر جمیل ابو حوری نے کہا کہ فضائی حملوں میں شدت اسرائیل کا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی جنگ بندی کی قرارداد کے خلاف اپنی ناپسندیدگی ظاہر کرنے کا طریقہ ہے ۔
ان کو رفح پر زمینی حملے کا خدشہ ہے جسے اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے قریبی اتحادی واشنگٹن کے انتباہ کے باوجود کرنے کی دھمکی دی ہے جو انسانی تباہی کا باعث بنے گا۔
ابو حوری نے کہا کہ ’بمباری میں اضافہ ہوا ہے اور انہوں نے ہمیں حملے کی دھمکی دی ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ رفح پر حملے کے لیے گرین لائٹ دی گئی ہے۔ سلامتی کونسل کہاں ہے؟‘
ایک امریکی اہلکار نے بدھ کو کہا تھا کہ اسرائیل نے رفح کے بارے میں اپنے منصوبوں پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے واشنگٹن میں ایک میٹنگ دوبارہ شیڈول کرنے کی درخواست کی ہے۔ نیتن یاہو نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی طرف سے غزہ میں جنگ بندی کی قرارداد کی منظوری پر مذاکرات کو اچانک منسوخ کر دیا تھا۔
قرارداد کے بارے میں اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے واشنگٹن پر تنقید کی تھی۔

اسرائیل کی مسلسل بمباری سے تقریباً 32 ہزار فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)

مزید مہلک فضائی حملے
غزہ کے محکمہ صحت کے حکام نے بتایا ہے کہ بدھ کی سہ پہر رفح میں ایک اور اسرائیلی فضائی حملے میں ایک خاتون اور بچے سمیت چار فلسطینی ہلاک اور دیگر زخمی ہوئے۔
محکمہ صحت کے حکام نے بتایا کہ غزہ شہر کے مغرب میں ایک مکان پر فضائی حملے میں سات افراد ہلاک ہو گئے۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ وہ حماس کے عسکریت پسندوں کو نشانہ بنا رہی ہے جو شہری عمارتوں بشمول اپارٹمنٹ اور ہسپتالوں کو استعمال کرتے ہیں تاہم حماس اس کی تردید کرتی ہے۔
اس کے علاوہ رات گئے مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقے جنین میں ایک چھاپے کے دوران اسرائیلی فائرنگ سے تین فلسطینی ہلاک اور چار زخمی ہو گئے۔
حماس کے زیرانتظام غزہ پر اسرائیل کی فضائی اور زمینی کارروائیوں میں کم از کم 32 ہزار فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ وزارت صحت کے مطابق ہزاروں دیگر افراد ملبے تلے دبے ہوئے ہیں اور 23 لاکھ کی آبادی میں سے 80 فیصد سے زیادہ بے گھر ہو گئے ہیں، جن میں سے بہت سے لوگوں کو قحط کا خطرہ ہے۔

شیئر: