مکہ ریجن میں سعودی ہلال احمر نے 29 ہزار سے زیادہ کیسز نمٹائے
مکہ ریجن میں سعودی ہلال احمر نے 29 ہزار سے زیادہ کیسز نمٹائے
اتوار 31 مارچ 2024 21:39
زیادہ تر کیسز صحت اور ٹریفک حادثات سے متعلق تھے( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے مکہ مکرمہ ریجن میں ہلال احمر اتھارٹی نے رمضان کے ابتدائی دو عشروں کے دوران 29 ہزار 427 کیسز نمٹائے ہیں۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق زیادہ تر کیسز صحت اور ٹریفک حادثات سے متعلق تھے۔
مکہ مکرکہ میں 21 ہزار 444، جدہ میں پانچ ہزار 426 اور طائف میں دو ہزار 557 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ہلال احمر اتھارٹی مکہ مکرمہ میں 38 ایمرجنسی سینٹرز قائم کیے ہوئے جن میں ڈاکٹر، سپیشلسٹ اور ٹیکنیشینز چوبیس گھنٹے کام کرتے ہیں۔
ہلال احمر اتھارٹی کے پاس جدید ترین ٹیکنالوجی سے لیس ایمبولینسز بھی ہیں۔ اس کے علاوہ وہ موٹر سائیکلیں،گالف کارٹ، سائیکلیں اور سکوٹر بھی استعمال کرتے ہیں۔
سعودی ہلال احمر اتھارٹی نے رمضان المبارک کے دوران مسجد الحرام میں خصوصی ایمرجنسی سروسز قائم کی ہے۔
35 سے زیادہ ایمبولینس مراکز قائم کیے گئے ہیں جن میں چھ مسجد الحرام میں جبکہ 21 داخلی اور آٹھ بیرونی مراکز ہیں۔
مسجد الحرام کے احاطے میں موثر ٹرانسپورٹ کےلیے اتھارٹی نے 7 کرائسز منیجمنٹ وہیکلز، 150 سائیکلیں، سکوٹرز، 10 موٹر سائیکلیں اور14 گالف کارٹس فراہم کی ہیں۔
اس منصوبے کا فوکس ہنگامی صورتحال میں فوری طبی امداداور مسجد الحرام کے قریب ترین طبی مراکز تک تیز رفتار ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کرنا ہے۔
رمضان کے آخری دس دنوں کے دوران ایمرجنسی ٹیمیں زیادہ نمازیوں والے مقامات پر خدمات کو تیز کریں گی۔