تعظیم بیت اللہ پروگرام کا آغاز، معتکفین کے لیے قرآن کے حلقے
تعظیم بیت اللہ پروگرام کا آغاز، معتکفین کے لیے قرآن کے حلقے
اتوار 31 مارچ 2024 22:35
اعتکاف کے احکام اور آداب کا علم ہونا ضروری ہے (فوٹو: حرمین شریفین اتھارٹی)
حرمین شریفین میں دینی امور انتظامیہ نے رمضان آپریشنل منصوبے کے مطابق آخری عشرے کے دوران زائرین کے تجربے کو بہتر بنانے کے لیے بیت اللہ کی تعظیم کے پروگرام کا آغاز کیا ہے۔
دینی امور انتظامیہ کے سربراہ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے کہا کہ’ پروگرام کا مقصد بیت اللہ کی تعظیم اور اسے زائرین اور تمام مسلمانوں کے دلوں میں راسخ کرنا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’مملکت کی قیادت نے بیت اللہ کی بھرپور خدمت اور اس کی تعظیم کی جس کا نتیجہ امن وامان اور ترقی کی نعمتوں کی صورت میں سامنے آیا۔‘
واضح رہے کہ یہ اقدام اپنی نوعیت کا سب سے بڑا پروگرام ہے جس میں مختلف ٹیکنالوجیز اور کمیونیکشن وسائل کا استعمال کرکے رمضان کے آخری عشرے میں بیت اللہ کی تعظیم اور اس کے زائرین کی خدمت کے مقاصد حاصل کیے جائیں گے۔
علاوہ ازیں دینی امور انتظامیہ نے مسجد نبوی اور مسجد الحرام میں معتکفین کے لیے قرآن کے حلقوں، دینی وعلمی دروس اور آگاہی اسکرینز کا اہتمام کیا ہے، جبکہ اعتکاف کے لیے مخصوص جگہ پر قرآن کریم کے جدید نسخے بھی فراہم کیے گئے ہیں۔
اس موقع پر انتظامیہ کے سربراہ داکٹر عبدالرحمن السدیس کا کہنا تھا کہ ’معتکف کےلیے اعتکاف کے احکام اور آداب کا علم ہونا ضروری ہے تاکہ سنت کے مطابق اعتکاف کیا جائے
جبکہ حرم اور اعتکاف کے ادب کے منافی امور سے بچتے ہوئے تمام اداروں کے ساتھ تعاون اور بیت اللہ کی صفائی کا خیال رکھا جائے۔‘