رمضان کے آخری عشرے میں یکسوئی سے عبادت کریں: السدیس
رمضان کے آخری عشرے میں یکسوئی سے عبادت کریں: السدیس
اتوار 31 مارچ 2024 23:45
آخری عشرے میں شب قدر جیسی عظیم رات بھی ہوگی (فوٹو: حرمین شریفین اتھارٹی)
حرمین شریفین میں دینی امور انتظامیہ کے سربراہ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے ماہ صیام کے آخری عشرے میں زائرین کو مبارک ایام عبادت میں صرف کرنے اور حرم میں سکیورٹی اداروں کے ساتھ تعاون کرنے کی ہدایت کی ہے۔
حرمین شریفین اتھارٹی کے مطابق انہوں نے اپنے خطاب میں زائرین کو مسجد الحرام کے آداب کا خیال رکھنے کی بھی تلقین کی۔
انہوں نے مسلمانوں کو رمضان کا آخری عشرہ شروع ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ’ وہ یکسوئی سے عبادت کریں، موبائل اور دیگر مشاغل میں خود کو مصروف نہ کریں۔‘
انہوں نے مزید کہا’ آخری عشرے میں شب قدر جیسی عظیم رات بھی ہوگی جس کی فضیلت قرآن میں ہے۔ ہماری کوشش ہونی چاہیے کہ ہم اس رات کا فائدہ اٹھائیں۔‘
السدیس نے معتکفین کو آداب اور ضوابط کا خیال رکھنے کی تلقین کی، جبکہ خواتین کو خاص طور پر ہدایت کی کہ وہ حرم کے آداب کا خیال رکھیں، اپنے بچوں پر نظر رکھیں اور دیگر زائرین کی پریشانی کا سبب نہ بنیں۔
علاوہ ازیں حرمین شریفین میں دینی امور انتطامیہ نے مسجد نبوی اور مسجد الحرام میں قرآن کے حلقوں کو بڑھا دیا ہے۔
رمضان کے آخری دس دنوں میں ’دائم‘ پروگرام شروع کیا گیا ہے جس کے تحت 102 اساتذہ کی مدد سے 24 گھنٹے قرآن کلاسز کا انعقاد کیا جارہا ہے، جبکہ پروگرام سے 1230 طلبہ مستفید ہورہے ہیں۔
مسجد الحرام میں تجوید کی کلاسز کا بھی اہتمام کیاجاتا ہے جس سے یومیہ 1300 زائرین مستفید ہوتے ہیں جبکہ ان کی خدمت کے لیے 47 اساتذہ موجود ہوتے ہیں۔
السدیس کا کہنا ہے کہ ’انتظامیہ نے آخری عشرے میں قرآنی پروگرام کا آغاز کیا ہے جس کا مقصد قرآن کے حفظ اور صحیح تلاوت کو فروغ دینے کے علاوہ لوگوں کو قرآن کی تعلیمات سے جوڑنا ہے۔
واضح رہے رمضان کے آخری عشرے میں مسجد الحرام کے مختلف مقامات پر قرآن کے حلقے ہوتے ہیں تاکہ زائرین آسانی سے ان میں شرکت کرسکیں۔