Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسلام آباد پولیس میں 30 سال سے نوکری کرنے والے ملازم کی قبرستان سے لاش برآمد

ساجد محمود تیس سال سے اسلام آباد پولیس میں ملازم تھے۔ فوٹو: اے ایف پی
اسلام آباد کے ایچ الیون قبرستان سے اسلام آباد پولیس کے لانگری یعنی کُک ساجد محمود کی لاش بر آمد ہوئی ہے جس کے بعد پولیس نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
پولیس کے مطابق ایچ الیون قبرستان سے ملنے والی لاش اسلام آباد پولیس کے لانگری ساجد محمود کی ہے۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
اسلام آباد پولیس کے ترجمان تقی جواد نے اردو نیوز کو مزید بتایا یے کہ ساجد محمود کی لاش ایچ الیون قبرستان میں ایک درخت سے لٹکی ہوئی تھی۔ پولیس کو 15 پر اطلاع ملی جس کے فوری بعد لاش کو تحویل میں لیا گیا۔
واقعہ بظاہر خودکشی معلوم ہوتا ہے، پولیس 
وفاقی پولیس کے ترجمان تقی جواد نے اردو نیوز کو بتایا ہے کہ بظاہر اسلام آباد پولیس کے لانگری ساجد محمود نے خودکشی کی ہے۔
ترجمان کے مطابق لاش رسی کے ذریعے درخت کے ساتھ لٹکی ہوئی تھی۔ واقعہ بظاہر پھندا لگا کر خودکشی کرنا ہی معلوم ہو تا ہے تاہم پولیس جاممع پہلو سے تحقیقات کر رہی ہے۔
اسلام آباد پولیس کے افسران تحقیقات کی خود نگرانی کر رہے ہیں، پولیس حکام 
وفاقی پولیس کے لانگری کی لاش برآمد ہونے کے بعد اسلام آباد پولیس کے افسران واقعے کی تحقیقات کی نگرانی کر رہے ہیں۔ ایس ایس پی ہیڈکوارٹرز کے مطابق واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس افسران بھی موقع پر پہنچ گئے۔
پولیس کو گزشتہ رات 8 بجے درخت سے لٹکتی لاش کی اطلاع دی گئی تھی۔
اسلام آباد پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ گزشتہ رات 8 بجے کے قریب پولیس ہیلپ لائن پر اطلاع دی گئی کہ ایچ الیون قبرستان میں ایک درخت کے ساتھ لاش لٹک رہی ہے جس کے بعد پولیس موقع پر پہنچی۔

ساجد محمود کی لاش قبرستان میں ایک درخت سے لٹکی ہوئی ملی تھی۔ فوٹو: اے ایف پی

پولیس ترجمان نے بتایا کہ ساجد محمود اسلام آباد پولیس میں 30 سال سے ملازمت کرتے تھے اور وہ ایک فرض شناس ملازم تھا۔
لواحقین نے ایف آئی آر کے لیے درخواست دائر نہیں کی، ترجمان پولیس
اسلام آباد پولیس کے لانگری ساجد محمود کے لواحقین نے اب تک واقعے کی ایف آئی آر کے لیے درخواست دائر نہیں کی تاہم پولیس نے اپنے طور پر ہی تحقیقات کا آغاز کیا کر دیا ہے۔
ساجد محمود بطور لانگری پولیس ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں تعینات تھا۔
پولیس حکام کے مطابق ساجد محمود نے اپنی مدت ملازمت کے دوران احسن انداز میں ڈیوٹی نبھائی، اور بظاہر وہ کسی جسمانی یا دماغی صحت کے مسائل میں مبتلا نہیں تھے۔

شیئر: