Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزارت سیاحت نے مکہ اور مدینہ کے ہوٹلوں کی نگرانی بڑھا دی

اس کا مقصد عمرہ زائرین کو سہولتیں فراہم کرنا ہے۔ (فوٹو وزارت سیاحت ایکس)
سعودی وزارت سیاحت کی جانب سے رمضان المبارک کے آخری عشرے میں سیاحتی سروسز فراہم کرنے والے اداروں کی نگرانی کا کام تیز کردیا گیا ہے۔
 خبررساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق وزیر سیاحت احمد بن عقیل الخطیب نے وزارت کی ٹیموں کو ہدایت کی تھی کہ زائرین کو رہائشی ہوٹلز اورفراہم کی جانے والی دیگر خدمات کے حوالے سے شکایات اور خلاف ورزیوں کا فوری تدارک کیا جائے۔
 مکہ مکرمہ کے مختلف علاقوں میں  رہائشی ہوٹلز اور سیاحتی اداروں کے 900 دورے کیے گئے جہاں 160 خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئیں۔
 تفتیشی کمیٹیوں کی جانب سے ریکارڈ کی جانے والی 160 میں سے 140 خلاف ورزیاں زائرین کو فراہم کی جانے والی سروسز سے متعلق تھیں جبکہ 24 اداروں پر بغیر لائسنس سیاحتی سروسز فراہم کرنے کی خلاف ورزی درج کی گئی۔
سیاحتی کمیٹی کی ٹیموں نے مدینہ منورہ کے مختلف علاقوں میں  210 دورے کیے جن میں 60 خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئیں ۔
مدینہ منورہ میں ناقص خدمات کی فراہمی پر 54  جبکہ 6 تجارتی اداروں پر لائسنس کی خلاف ورزی  درج کی گئیں۔
وزارت کے ذرائع کا کہنا تھا  مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں تفتیشی ٹیمیں 24 گھنٹے کی بنیاد پر دورے کرتی ہیں تاکہ زائرین کی شکایات کا بروقت ازالہ کیا جائے۔
تفتیشی ٹیموں کو رمضان المبارک کے آغاز سے اب تک مکہ مکرمہ میں زائرین کی جانب سے 1060 شکایات موصول ہوئیں جبکہ مدینہ منورہ میں موصول ہونے والی شکایات کی تعداد 220 تھی۔
وزارت سیاحت کا مزید کہنا تھا دونوں شہروں میں زائرین کی جانب سے موصول ہونے والی تمام شکایات کا 24 گھنٹے سے کم وقت میں ازالہ کرایا گیا۔
وزارت سیاحت کی جانب سے کسی بھی خلاف ورزی کی اطلاع دینے کے لیے ٹول فری نمبر 930 موجود  ہے جس پر رابطہ کرکے زائرین و سیاح اپنی شکایات درج کراسکتے ہیں۔
وزارت کا کہنا ہے کہ شکایت پر 24 گھنٹے سے بھی کم وقت میں کارروائی کرکے معاملہ نمٹا دیا جاتا ہے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: