بیرون مملکت سے آنے والے زائرین ریاض الجنہ کی زیارت کیسے کریں؟
24 گھنٹے میں کسی بھی وقت زیارت کا وقت لیا جاسکتا ہے (فائل فوٹو: عاجل)
سعودی عرب میں مسجد نبوی مدینہ منورہ میں زائرین کے ادارے کے انچارج یاسر المزینی نے کہا ہے کہ ’رمضان کے دوران دس لاکھ افراد کو مسجد نبوی میں ریاض الجنہ کی زیارت کا موقع دیا جائے گا۔ ریاض الجنہ چوبیس گھنٹے کھلا رہے گا۔‘
الاخباریہ چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’ریاض الجنہ کی زیارت کا پرمٹ نسک ایپ کے ذریعے جاری کرایا جاسکتا ہے۔ 24 گھنٹے میں کسی بھی وقت زیارت کا وقت لیا جا سکتا ہے۔ خواتین کےلیے بھی زیارت کا شیڈول ہے۔‘
یاسر المزینی نے بتایا کہ ’سعودی شہریوں، مقیم غیرملکیوں اور وزٹ ویزوں پر آنے والوں کے لیے ریاض الجنہ کی زیارت کا کوٹہ مقرر ہے تاہم بیرون مملکت سے آنے والوں کے لیے ریاض الجنہ کی زیارت کا پرمٹ عمرہ کمپنیوں کے ذمہ ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ظہر کی نماز سے تراویح تک مرد زائرین اور تراویح کے بعد سے رات دو بجے اور پھر فجر کے بعد سے صبح گیارہ بجے تک خواتین ریاض الجنہ کی زیارت کی بکنگ کروا سکتی ہیں۔‘