Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عالمی مارکیٹ میں گولڈ کی قیمت میں ریکارڈ اضافہ، 2300 ڈالر فی اونس

ایک اونس میں 28 اعشاریہ تین گرام ہوتے ہیں۔ جبکہ ایک تولہ 11 اعشاریہ چھ گرام کا ہوتا ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے اور گولڈ مہنگا ہو کر تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق جمعرات کو سونے کی قیمت میں اضافہ کا رجحان جاری ہے اور یہ تاریخ کی بلند ترین سطح پر فی اونس دو ہزار تین سو تک پہنچ گیا۔
دنیا بھر میں تنازعات کے دوران امریکہ میں شرح سود میں اضافے کے باعث گولڈ کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
اس قیمتی دھات کے نرخوں نے حالیہ ہفتوں کے دوران متعدد ریکارڈ بنائے ہیں۔ ادھر یو ایس فیڈرل ریزرو مانیٹری پالیسی میں نرمی شروع کرنے اشارہ کیا ہے۔ جس کے باعث سرمایہ کاروں کے لیے اس میں سرمایہ لگانا زیادہ پرکشش بن گیا ہے۔
دنیا میں تنازعات خاص طور پر روس کے یوکرین پر حملے سے پریشان تاجروں نے گولڈ میں سرمایہ کاری کو محفوظ ترین سمجھا ہے، اور یہ اس کی قیمت میں اضافے کی ایک بڑی وجہ سمجھی جا رہی ہے۔
بلومبرگ کے مطابق جمعرات کو گولڈ 2,304.96 ڈالر فی اونس تک پہنچ گیا۔
ایک اونس میں 28 اعشاریہ تین گرام ہوتے ہیں۔ جبکہ ایک تولہ 11 اعشاریہ چھ گرام کا ہوتا ہے۔ 
گزشتہ دنوں پاکستان کی صرافہ مارکیٹ میں 24 قراط سونے کی قیمت میں 1800 روپے اضافے کے ساتھ 2 لاکھ 38 ہزار 900 روپے جبکہ بائیس قراط سونے کی قیمت 1 لاکھ 87 ہزار 750 روپے ہو گئی تھی۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں 1543 روپے کا اضافہ ہوا جس کے بعد  10 گرام سونا 2 لاکھ 4 ہزار 818 روپے پر پہنچ گیا جبکہ چاندی کی فی تولہ قیمت میں 10 روپے کا اضافہ 2 ہزار 610 روپے ہو گئی۔

شیئر: