Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسیٰ فیصل مسجد میں نماز عید کی امامت کریں گے

ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسیٰ اسلام آباد میں سیرت النبی میوزیم کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے
سنہ 2022 میں خطبہ حج دینے کی سعادت حاصل کرنے والے رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسیٰ فیصل مسجد اسلام آباد میں عید الفطر کی نماز کی امامت کریں گے۔
وفاقی وزیر برائے مذہبی امور چوہدری سالک حسین نے بتایا ہے کہ پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسیٰ اس دفعہ عید بھی اپنے پاکستانی بھائیوں کے ساتھ منا رہے ہیں۔ وہ فیصل مسجد میں خطبہ دیں گے اور اس کے بعد نماز عید کی امامت کریں گے۔
ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسیٰ کی جانب سے نماز عید کی امامت کے باعث بڑی تعداد میں شہریوں کی جانب سے فیصل مسجد میں نماز عید کی ادائیگی کے لیے آنے کا امکان ہے۔ اس وجہ سے ضلعی اور شہری انتظامیہ نے خصوصی انتظامات کیے ہیں۔ عید کی نماز کے لیے فیصل مسجد کے لیے سیکیورٹی پلان بھی مرتب کیا گیا ہے۔
ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسیٰ نو روزہ دورے پر دو روز قبل پاکستان پہنچے تھے۔ نور خان ایئر بیس پر وفاقی وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین اور دیگر اعلیٰ حکام نے ان کا استقبال کیا تھا۔
ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسیٰ کو 2022 کے حج کے موقع پر خطبہ دینے کا اعزاز حاصل ہے۔
ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسیٰ نے اکتوبر 2022 میں بھی پاکستان کا دورہ کیا تھا اور اپنے اس دورے کے دوران انھوں اسلام آباد کی فیصل مسجد اور لاہور کی بادشاہی مسجد میں خطبہ جمعہ دیا تھا اور نمازوں کی امامت کی تھی۔ اس کے علاوہ انھوں نے حسن ابدال میں مسجد کے افتتاح سمیت پاکستان کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں بھی کی تھیں۔
اپنے اس دورے کے حوالے سے انھوں نے اپنے ایک ٹویٹ میں فیصل مسجد اور بادشاہی مسجد کے فن تعمیر اور کشادگی کو سراہا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ’یہ دونوں مساجد فن تعمیر اور نمازیوں کی گنجائش کے حوالے سے عالمی شہرت رکھتی ہیں۔‘
عید کے موقع پر ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسیٰ کے دورہ پاکستان کو بہت اہمیت کا حامل دورہ سمجھا جا رہا ہے۔ جہاں وہ فیصل مسجد میں نماز عید کی امامت کے ساتھ ساتھ صدر پاکستان آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسٰی اور کئی دیگر اعلیٰ حکام، سیاسی و مذہبی رہنماوں سے ملاقاتوں کے ساتھ ساتھ رابطہ عالمی اسلامی کے متعدد منصوبوں کا دورہ کریں گے۔

فیصل مسجد اسلام آباد میں عید کی نماز کے لیے خصوصی انتظامات کیے جارہے ہیں (فوٹو: اےا یف پی)

عرب نیوز کے مطابق ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسیٰ اسلام آباد میں سیرت النبی میوزیم کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے جبکہ وہ نوجوان حفاظ کے درمیان قرات کے مقابلے کی صدارت بھی کریں گے۔
معزز مہمان عید کے بعد ایک دن مری بھوربن میں بھی قیام کریں گے۔ جہاں پنجاب حکومت ان کی میزبانی کرے گی۔
معزز مہمان دورہ مکمل کرنے کے بعد 15 اپریل کو واپس جائیں گے۔
ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسیٰ کون ہیں؟
 شیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ 12 اگست 2016 کو سیکریٹری جنرل تعینات ہوئے تھے۔
انھوں نے اسلامی فقہ کے تقابلی مطالعے میں گریجویشن کر رکھی ہے جبکہ آئینی قانون اور جنرل قانون کے مطالعات اور تقابلی عدالتی مطالعات میں ماسٹرز اور پی ایچ ڈی ڈگری ہولڈر ہیں۔
 اسلامی فقہ اور جدید قانون پر سعودی عرب کے اندر اور باہر اہم علمی و فکری و تحقیقی اداروں میں لیکچرز دیتے رہتے ہیں۔

 شیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ اگست 2016 کو رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل تعینات ہوئے تھے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل سعودی عرب، خصوصا امریکہ اور یورپی ممالک میں ایم فل اور پی ایچ ڈی کے مقالات کا زبانی امتحان لیتے ہیں۔
ڈاکٹر العیسیٰ متعدد کتابوں کے مصنف ہیں جبکہ فقہی، قانونی و فکری اور انسانی حقوق کے موضوعات پر مدلل علمی مقالات، معتبر مجلات میں شائع کرتے رہتے ہیں۔
ڈاکٹر العیسیٰ عدلیہ میں بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ وہ رابطہ عالم اسلامی کے  سیکریٹری جنرل بننے سے قبل اعلی عدالت کے سربراہ کےعہدے تک پہنچ چکے تھے۔
 متعدد ممالک اور عالمی اداروں و تنظیموں نے انھیں ایوارڈز سے نوازا ہے۔ ملائیشیا،روس، سینیگال، سری لنکا، مصر، متحدہ عرب امارات، پاکستان اور دیگر ممالک سے اعزاز حاصل کر چکے ہیں۔
 لاہور پاکستان کی مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی یونیورسٹی نے انھیں پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگری بھی دی ہے۔

شیئر: