غزہ کی صورت حال کا ذمہ دار یہودی مذہب نہیں، اسرائیلی حکومت ہے: ڈاکٹر محمد العیسیٰ
ڈاکٹر محمد العیسی ان دنوں پاکستان کے نو روزہ دورے پر ہیں۔ (فوٹو: العربیہ ٹی وی)
رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد العیسی نے کہا ہے کہ غزہ میں درپیش صورتحال کے ذمہ دار یہودی نہیں ہیں، اسرائیل کی حکومت ہے۔
ڈاکٹر محمد العیسی نے یہ بات العربیہ انگلش کے رض خان کے ساتھ خصوصی انٹرویو می کی۔
محمد العیسی کو مغرب کی دنیا میں اعتدال کی ایک ایسی آواز سمجھا جاتا ہے جو مسلمانوں اور غیر مسلموں دونوں سطحوں پر اعتدال پسند مانے جاتے ہیں اور پوری دنیا کے مذہبی رہنماؤں اور حکومتوں کے درمیان رابطے بڑھانے کے لیے ایک پل کا کام کر رہے ہیں۔
ڈاکٹر محمد العیسی ان دنوں پاکستان کے نو روزہ دورے پر ہیں، جہاں وہ عیدالفطر کی نماز کی امامت کے علاوہ اسلام آباد میں سیرت میوزیم کا افتتاح سمیت ملک کی اہم شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔
محمد العیسی نے کہا غزہ میں بچوں اور عورتوں کی ہلاکتوں کے واقعات انتہائی دل شکنی کے حامل اور ناقابل قبول ہیں۔ ہم سات اکتوبر سے مسلسل یہ تکلیف دہ صورتحال دیکھ رہے ہیں۔ لیکن اس کے باوجود ہمیں انصاف کرنا ہوگا اور وہ یہ کہ غزہ کی صورتحال کی ذمہ داری یہودی مذہب کے ماننے والوں پر نہیں اسرائیلی حکومت پر عائد ہوتی ہے۔
محمد العیسی عالمی سطح پر ایک قابل قبول اور معتدل شخصیت ہونے کے ناطے دنیا بھر کا سفر کر چکے ہیں اور ہر جگہ اپنے اعتدال پسندانہ خیالات کی وجہ سے ایک خاص مقام رکھتے ہیں۔ وہ امریکی رہنماؤں کے علاوہ یہودی رہنماؤں کے ساتھ بھی تبادلہ خیال میں رہتے ہیں۔ حتیٰ کہ نازیوں کے ہاتھوں یہودیوں کی موت کے واقعات کو بھی پوری ہمدردی سے دیکھنے والے رہنماؤں میں شامل ہیں۔ وہ مکہ میں مسلمانوں کے مختلف مکاتب فکر اور فرقوں کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنے کے لیے ایک پل کا کردار ادا کرتے ہوئے ان سب کی میزبانی کر چکے ہیں۔