سعودی ہلال احمر کا رمضان میں ایمرجنسی منصوبے کی کامیابی کا اعلان
جمعرات 11 اپریل 2024 18:48
5 ہزار 400 والنٹیئرز نے 65 ہزار گھنٹے رضا کارانہ خدمات انجام دیں (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی ہلال احمر اتھارٹی نے مکہ مکرمہ میں رمضان کے دوران عمرہ سیزن میں اپنے ہنگامی منصوبے کی کامیابی کا اعلان کیا ہے۔
سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق زمینی اور فضائی ایمبولینس منصوبے کی کامیابی میں میڈیکل کنٹرول میں 18 ڈاکٹروں، ایک ہزار سے زیادہ پیرامیٹرکس، طبی ماہرین کے ساتھ 5 ہزار 400 والنٹیئرز نے 65 ہزار گھنٹے رضا کارانہ خدمات انجام دی ہیں۔
زمینی اور فضائی ایمبولینس ٹیموں کی موجودگی کے تمام منصوبوں پرعمل درآمد کی تصدیق کی ہے، خاص طور پر مکہ مکرمہ اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں مسجد حرام میں زائرین کی نقل و حرکت کے دوران انہیں طبی امداد فراہم کی گئی۔
اتھارٹی نے بیان میں کہا کہ’ 47 ہزار سے زیادہ ایمبولینس ٹرپس کیے گئے۔ سب سے زیادہ کیسزسانس، ذیابیطس، بے ہوشی اور حادثات کے تھے‘۔
مکہ ریجن میں ایئر ایمبولینسز نے ساڑھے 32 گھنٹے پرواز کی۔ ایمرجنسی کیسز میں 14 ایسے مریضوں کوسہولت فراہم کی گئی جنہیں تیزی کے ساتھ قریب ترین صحت مرکز منتقل کرنے کی ضرورت تھی۔
ہلال احمر کے فلیٹ میں جدید ترین ٹیکنالوجی اورطبی آلات سے لیس 80 سے زائد ایمبولینسیں،150 الیکٹرک سکوٹر، موٹر سائیکلیں اور سائیکلیں اور 24 گولف گاڑیوں کے علاوہ
49 الیکٹرک شاک ڈیوائسز اور15 خصوصی (لکس) ڈیوائسز شامل ہیں۔
سعودی ہلال احمر کے رمضان منصوبے کا فوکس ہنگامی صورتحال میں فوری طبی امداداور مسجد الحرام کے قریب ترین طبی مراکز تک تیز رفتار ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کرنا تھا۔
رمضان کے آخری دس دنوں کے دوران ایمرجنسی ٹیموں نے زیادہ نمازیوں والے مقامات پر خدمات کی تیزی سے فراہمی کو یقینی بنایا۔