کانز فلم فیسٹول میں پہلی سعودی فلم ’نورہ‘ کی نمائش کا اعلان
کانز فلم فیسٹول 14 سے 24 مئی تک جاری رہے گا ( فوٹو: اخبار24 )
سعودی سینما کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کانزفلم فیسٹول نے سعودی ہدایات کار توفیق الزیدی کی فلم ’نورا‘ کو 77 ویں ایڈیشن میں نمائش کے لیے پیش کرنے کا اعلان کیا ہے۔
کانز فلم فیسٹول 14 سے 24 مئی تک جاری رہے گا۔
اخبار 24 کے مطابق فلم کی پہلی بار نمائش گزشتہ برس ریڈ سی انٹرنیشنل فلم فیسٹول کے تیسرے ایڈیشن میں کی گئی تھی جسے العلا ایوارڈ کے لیے بہترین فلم قرار دیا گیا تھا۔
اس برس ایڈیشن میں شامل فلموں کا اعلان کرتے ہوئے کانز فیسٹول کے ڈائریکٹر فریماکس نےسعودی عرب میں ریڈ سی فلم فیسٹول کو سراہتے ہوئے کہا’ فلم سازی کی صنعت کی اہمیت اجاگر ہوتی ہے‘۔
ریڈ سی فلم فاونڈیشن کے بورڈ آف ٹرسٹیز کی چیئرپرسن جمانا راشد الراشد نے کانز فلم فیسٹول میں فلم نورا کے انتخاب کو سعودی عرب میں فلم سازی کے میدان میں مملکت کی صلاحیتوں کا اعتراف قرار دیا ۔
ان کا کہنا تھا کہ ’جب ہم نے پہلی بار فلم نورہ میں اسکرین پر جمالیاتی مناظر کو دیکھا تو ہم حیران رہ گئے تھے، فلم کا انتخاب یقینا ایک مثالی کامیابی کی دلیل ہے‘۔
ریڈ سی فلم کمپنی کے سی ای او محمد الترکی کا کہنا تھا ’کمپنی کی جانب سے کی جانے والی کوششوں کی کامیابی کا ثمر سوسائٹی کے سامنے ہے‘۔
دوسری جانب کانز فلم فیسٹول کے ڈائریکٹر فریماکس نے اسے ایک ’تاریخی لمحہ ‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ’ فلم نورا کی نمائش ہمارے لیے باعث اعزاز ہے‘۔
فلم کی کہانی ایک لڑکی نورہ کے گرد گھومتی ہے۔ نورہ اپنا زیادہ تر وقت دور دراز گاوں میں گزارتی ہے پھر ایک نیا استاد اس گاوں میں آتا ہے نورہ اس سے بہت متاثر ہوتی ہے۔
یہ استاد نورہ کو گاوں سے باہر امکانات کی ایک وسیع دنیا سے متعارف کراتا ہے۔