یمن میں بچوں کی تعلیم کے لیے 6.2 ملین امریکی ڈالر کی سعودی امداد
یمن میں بچوں کی تعلیم کے لیے 6.2 ملین امریکی ڈالر کی سعودی امداد
ہفتہ 13 اپریل 2024 21:44
8 لاکھ سے زائد بچوں کی تعلیمی ضروریات کو پورا کیا جاسکے گا۔(فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے شاہ سلمان امدادی مرکز کی جانب سے یمن میں بچوں کی تعلیم کے لیے 6.2 ملین امریکی ڈالر کی امداد فراہم کی گئی۔
اقوام متحدہ کے چلڈرن فنڈ ’یونیسیف‘ کے مطابق فراہم کی جانےوالی امدادی رقم سے 8 لاکھ 27 ہزار سے زائد بچوں کی تعلیمی ضروریات کو پورا کیا جاسکے گا۔
سرکاری خبررساں ایجنسی ایس پی اے نے یونیسیف کی جانب سے جاری بیان کے حوالے سے بتایا کہ شاہ سلمان مرکز کے فراہم کردہ فنڈ سے سرکاری اور غیرسرکاری سطح پر طلبہ کے لیے حصول علم کی راہ ہموار ہوگی۔
فراہم کیے جانے والے فنڈ سے 527000 طلبا سال 2022-2023 کے سالانہ امتحانات دیے سکیں گے۔
علاوہ ازیں 3 لاکھ سے زائد طلبا کو اسکول بیگز اور دیگر ضروری اشیا کی فراہمی بھی ممکن ہو گی۔
شاہ سلمان مرکز کی جانب سے فراہم کیے گئے فنڈ سے تدریسی سہولت میں اضافہ کرنے کےلیے 17 کمشنریوں میں 7520 مرد و خواتین اساتذہ کی ٹریننگ کا بندوبست بھی کیا جاسکے گا۔
جبکہ 120 اسکولوں کےلیے صفائی کی اشیا فراہم کی جاسکیں گی۔