Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اننت امبانی کی شادی: جب 600 پروازوں کے لیے انڈین ایئرفورس کو ٹریفک سنبھالنا پڑی

اے آئی آئی نے جام نگر ایئرپورٹ کو 26 فروری سے چھ مارچ تک کے لیے بین الاقوامی ایئرپورٹ قرار دے دیا تھا۔ (فائل فوٹو: دی ہندو)
ایشیا اور انڈیا کے سب سے امیر انسان مکیش امبانی کے بیٹے اننت امبانی کی حال ہی میں شادی سے قبل کی تقریبات پوری دنیا میں سرخیوں کی زینت بنیں۔
انڈین اخبار دی ہندو کے مطابق ان تقریبات میں دنیا بھر سے کئی شوبز ستاروں اور نامی گرامی لوگوں نے شرکت کی۔ اس کی وجہ سے غیرمعمولی فضائی ٹریفک دیکھی گئی جسے انڈین ایئر فورس نے سنبھالا۔
اس معاملے سے واقف ذرائع کے مطابق پانچ دنوں میں 600 سے زائد فلائٹس کی آمدورفت ہوئی اور اس بات کو یقینی بنایا گیا کہ یہ تمام آمدورفت بغیر کسی حادثے کے ہو۔
ریلائنس گروپ نے انڈیا کے سیکریٹری دفاع کو خط لکھ کر 23 فروری سے چار مارچ تک ہوائی اڈے کے ہفتے کے سات دن 24 گھنٹے تک آپریشنز کے لیے انڈین ایئرفورس سے مدد مانگی۔
اس پر سیکریٹری دفاع نے چیف آف ایئر سٹاف سے درخواست کی جس کے بعد جام نگر ایئربیس 24 گھنٹے کے آپریشن موڈ میں چلا گیا۔ ابتدائی طور پر انہیں 30 سے 40 طیاروں کا بتایا گیا تھا لیکن درحقیقت یہ پانچ دنوں میں 600 سے زائد فلائٹس کی آمدورفت تھی۔
ایک سورس نے بتایا کہ ’یہاں کی محدود سہولیات کے پیش نظر، تفصیلی منصوبہ بندی اور اضافی افرادی قوت کی تعیناتی کے بعد آخری لمحات میں بنیادی ڈھانچہ بنایا گیا۔ طیاروں کی تعداد بے مثال تھی، جام نگر نے اس طرح کی ٹریفک پہلے کبھی نہیں دیکھی تھی۔‘

اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی سے قبل کی ان تقریبات میں بل گیٹس، مارک زکربرگ، ریحانہ اور ایوانکا ٹرمپ نے بھی شرکت کی تھی۔ (فوٹو: روئٹرز)

جام نگر سول اور فوجی مقاصد کے لیے استعمال ہونے والا ایئرپورٹ ہے جہاں انڈین ایئرفورس ایئرپورٹس اتھارٹی آف انڈیا (اے اے آئی) کے ساتھ مل کر سول ہوائی جہازوں کی نقل و حرکت کے لیے ہوائی ٹریفک کے انتظام کی ذمہ دار ہے۔
اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی سے قبل کی ان تقریبات میں بل گیٹس، مارک زکربرگ، ریحانہ اور ایوانکا ٹرمپ نے بھی شرکت کی تھی۔ اور اے آئی آئی نے جام نگر ایئرپورٹ کو 26 فروری سے چھ مارچ تک کے لیے بین الاقوامی ایئرپورٹ قرار دے دیا تھا۔

شیئر: