العربیہ نیوز کے مطابق باخبر ذرائع نے اسرائیل پر ایرانی حملوں کو روکنے میں سعودی عرب کی شمولیت کی تردید کی ہے۔
العربیہ نیوز نے ذرائع کے حوالے سے مزید کہا کہ ’کسی سرکاری ذرائع نے ایسا کوئی بیان جاری نہیں کیا جس میں کہا گیا ہو کہ اسرائیل پر میزائل حملوں کو روکنے میں سعودی عرب نے بھی حصہ لیا ہے۔‘
واضح رہے اسرائیلی نیوز ویب سائٹس نے بیانات شائع کیے اور انہیں ایک سرکاری سعودی ویب سائٹ سے منسوب کیا جس میں کہا گیا تھا کہ اسرائیل پر ایرانی حملوں کو روکنے میں مملکت نے بھی حصہ لیا۔
یاد رہے کہ ایران نے سنیچر 13 اپریل کی شام سے اتوار کی صبح تک اسرائیل کی جانب ڈرون اور میزائل داغے اور اس حملے کو دمشق میں ایرانی قونصلیٹ کو نشانہ بنانے سمیت متعدد جرائم کا جواب قرار دیا۔
تہران نے کہا کہ حملوں میں فوجی اہداف کو نشانہ بنایا گیا جب کہ اسرائیلی فوج کے مطابق 99 فیصد ایرانی میزائلوں کو مار گرایا گیا۔