’پہلے ڈیڑھ سال اپنے آپ کو منانا پڑا‘، بشریٰ انصاری کی اقبال حسین سے شادی کی تصدیق
بشریٰ انصاری نے انکشاف کیا کہ انہیں دوسری شادی کے لیے ساتھی اداکار بہروز سبزواری نے بھی ابھارا (فوٹو: انٹرنیٹ)
پاکستان کی مشہور اداکارہ بشریٰ انصاری نے ٹی وی اداکار اور میزبان اقبال حسین سے شادی کی تصدیق کر دی ہے۔
بشریٰ انصاری نے اپنی شادی کی تصدیق اپنے یوٹیوب چینل پر ویڈیو میں کی۔
یوٹیوب پر اپنے ولاگ میں بشریٰ انصاری کو اٗن کے شوہر اقبال حسین کے ساتھ دیکھا گیا۔
دونوں میاں بیوی نے اس ولاوگ میں شادی کے معاملات اور مسائل پر بات کی۔
بشریٰ انصاری نے کہا کہ ’پہلے ڈیڑھ سال تو مجھے اپنے آپ کو منانا پڑا۔ میں کافی عرصے سے اکیلی رہتی تھی۔ آپ (اقبال حسین) کی طلاق مجھ سے پہلے ہوئی تھی۔‘
اقبال حسین نے اس بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ابھی شادی کی بات چیت ہی ہو رہی تھی کہ لوگوں نے ہمارے بارے میں باتیں بنانا شروع کر دیں، یہاں تک کہ کسی نے یہ خبر بھی دی کہ ہمارا بچہ بھی پیدا ہو گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ معاشرے میں زیادہ عمر کی خاتون کی کم عمر کے مرد سے شادی کے بارے میں بنائے گئے منفی تاثرات کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔
’اگر آپ کو زندگی میں کوئی مخلص ساتھی ملے، تو اُس کے ساتھ نئی زندگی شروع کرنے میں کوئی نقصان نہیں ہے۔‘
اداکارہ نے مزید انکشاف کیا کہ انہیں دوسری شادی کے لیے ساتھی اداکار بہروز سبزواری نے بھی ترغیب دی۔
خیال رہے کہ 2019 میں پہلی مرتبہ اقبال حسین اور بشریٰ انصاری کے درمیان شادی کی افواہوں نے جنم لیا تاہم دونوں نے اس کی تصدیق کی اور نہ ہی تردید کی۔
بشریٰ انصاری نے اس سے قبل 1978 میں اقبال انصاری سے شادی کی تھی جو کے 36 برس بعد طلاق کی صورت میں ختم ہوگئی۔
دوسری جانب اقبال حسین نے اپنی پہلی شادی معروف ٹی وی میزبان اور اداکارہ فرح حسین سے کی تھی۔