اداکارہ نہ ہوتی تو اچھی صحافی ضرور ہوتی ،بشریٰ انصاری
سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے کہا ہے کہ شوبز میں باقاعدہ منصوبہ بندی کرکے آئی تھی۔میںاگر اداکارہ نہ ہوتی تو شاید ایک اچھی صحافی ضرور ہوتی۔مداحوں نے مجھے جس قدر محبت اور اپنائیت دی، اسے میں کبھی فراموش نہیں کر سکتی ۔اداکارہ بشریٰ نے ایک خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے بچپن سے ہی اداکاری کا شوق تھا۔میںدوسروں کی نقلیں اتارا کرتی تھی اور اسی وجہ سے اکثر ڈانٹ بھی پڑتی تھی ۔ بچپن کی یہی عادت مجھے آگے لے آئی اور میں اداکارہ بن گئی۔ انہوں نے کہا کہ میں اتفاقیہ طور پر نہیں بلکہ باقاعدہ منصوبہ بندی کر کے شوبز کی دنیا میں داخل ہوئی اور مجھے جس قدر کامیابیاں ملیں وہ میرے لئے قیمتی اثاثہ ہےں ۔ مداحوں نے مجھے جس قدر محبت اور اپنائیت دی اسے میں کبھی بھلا نہیں سکتی ۔میرے علاوہ میری دو بہنوں نے بھی ٹی وی پر کام کیا جبکہ بڑی بہن نیلم بشیر معروف رائٹر ہیں اور ان کی کئی کتابیں بھی شائع ہو چکی ہیں۔ بشریٰ انصاری نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ میرے والد کا تعلق شعبہ صحافت سے رہا ۔والد سے جس قدر محبت ملی وہ آج بھی ذہن میں نقش ہے اور دنیا سے جانے کے بعد بھی وہ ہمارے دلوں میں زندہ ہیں۔اگر میں اداکارہ نہ ہوتی تو شاید ایک اچھی صحافی ضرور ہوتی۔ اب بھی کبھی کبھار مجھے صحافی بننے کا جنون سوار ہوتا ہے مگر میں اپنے موجودہ کام سے ہی مطمئن ہوں ۔