Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دبئی ایئرپورٹ کا رن وے پانی میں ڈوب گیا، متعدد پروازیں متاثر، دفاتر میں ورک فرام ہوم

بارش کے دوران دبئی ائیر پورٹ کو 25 منٹ کے لیے بند کرنا پڑا ( فوٹو: الشرق الاوسط)
متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی میں بارش کے باعث سرکاری دفاتر اور تعلیمی اداروں میں بدھ 17 اپریل کو بھی تمام سرگرمیاں آن لائن ہوں گی۔
 اماراتی وزار کونسل کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا  کہ تمام سرکاری اداروں میں ملازمین گھروں سے ڈیوٹی انجام دیں گے۔ موسمی حالات کی وجہ سے دفاتر کو بند رکھا جائے گا۔
دبئی ایئر پورٹ پر بارش کے باعث پروازوں کی آمد ورفت متاثر رہی۔ منگل کو دبئی سے جانے والی 21 جبکہ آنے والی 24 فلائٹیں منسوخ کی گئی ہیں۔ سوشل میڈیا پر شیئر کی جانے وڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دبئی ائیرپورٹ کا رن وے پانی میں ڈوبا ہوا ہے۔
قبل ازیں طوفانی بارش کے بعد دبئی ائیر پورٹ کو 25 منٹ کے لیے بند کرنا پڑا جس سے کئی پروازیں منسوخ کرنا پڑیں۔
دبئی ایئرپورٹس اتھارٹی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ’موسمی حالات کی وجہ سے  اور ایئرپرٹ کے راستے میں سیلابی کیفیت کے باعث بدھ 17 اپریل کی صبح تک پروازوں کی آمد رفت متاثر رہے گی‘۔
بیان میں مزید کہا گیا ’ محکمہ موسمیات اور دیگر اداروں سے حاصل ہونے والی رپورٹس کی روشنی میں مسافروں کو ہدایات جاری کی جاتی ہیں۔
’مسافروں کو چاہئے کہ وہ اپنی پرواز کے حوالے سے تازہ ترین معلومات حاصل کرنے کے بعد ہی ایئرپورٹ کا رخ کریں‘۔
اتھارٹی نے مسافروں کو مشورہ دیا کہ ’ایئر پورٹ آنے کے لیے میٹرو سروس کا انتخاب کیا جائے۔ موسمی حالات کے پیش نظر میٹرو سروس کے وقت میں صبح 3 بجے تک کا اضافہ کردیا گیا ہے‘۔
علاوہ ازیں  موسمیاتی مرکز کا کہنا ہے کہ ساحلی وشمالی علاقوں میں موسم آبرآلود رہے گا جب کہ بعض علاقوں میں  بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔
واضح رہے دبئی میں جاری طوفانی بارش کے باعث متعدد سڑکیں زیر آب ہیں جس کی وجہ سے شہری زندگی مفلوج ہو کررہ گئی۔ گاڑیاں پانی میں بہنے کی بھی اطلاعات ہیں۔
سڑکوں کے زیرآب آنے سے ٹریفک کا نظام بھی سخت متاثر ہوا ہے۔ طوفانی بارش کے باعث اسکولوں میں تعلیمی سرگرمیاں معطل کرکےآن لائن تدریس کا سلسلہ شروع کیا گیا تھا۔

شیئر: