Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی محکمہ شہری دفاع کا اتوار سے بارش کے حوالے سے الرٹ

شہری اور غیرملکی خود کو محفوظ مقامات تک محدود رکھیں (فائل فوٹو: ایس پی اے)
سعودی محکمہ شہری دفاع نے مملکت کے بیشتر علاقوں میں اتوار سے بدھ تک بارش کے حوالے سے الرٹ جاری کیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق محکمہ شہری دفاع نے بیان میں شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا۔
محکمہ شہری دفاع کا کہنا ہے’ سعودی شہری اور غیرملکی بارش سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر پرعمل کریں اور خود کو محفوظ مقامات تک محدود رکھیں‘۔
  بیان میں کہا گیا کہ’ سیلاب والے مقامات، وادیوں اور نشیبی مقامات کے قریب نہ جائیں۔ ایسے مقامات پر جہاں پانی کا پانی جمع ہوجاتا ہے تیراکی سے گریز کیا جائے‘۔
’ بارش کے دوران سوشل میڈیا سمیت مختلف ذرائع ابلاغ کے توسط سے جاری کی جانے والی ہدایات کی پا بندی کی جائے‘۔ 
شہری دفاع کا کہنا ہے’ ریاض ریجن درمیانے درجے سے موسلا دھار تک بارش کی زد میں رہے گا۔ ژالہ باری اور گرد آلود تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے‘۔ 
دارالحکومت ریاض، المجمعہ، ثادق، مرات، الغاط، الزلفی، شقرا، رماح، حریملا، درعیہ، ضرما، المزاحمیہ، الخرج، حوطہ نبی تمیم، الحریق، وادی الدواسراور السلیل میں بارش کا امکان ہے۔
جبکہ حدود شمالیہ، الجوف، شرقیہ، عسیر، نجران، جازان، حائل، قصیم اور باحہ بھی بارش سے متاثر ہوں گے۔
مکہ مکرمہ ریجن میں بارش کے ساتھ گردآلود ہوائیں چلنے اور ژالہ باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

شیئر: