عازمین حج ویکسینیشن کورس مکمل کرائیں: وزارت حج کی نئی ہدایات
وزارت کا کہنا ہے عازمین صحتی ایپ پرویکسینیشن سرٹیفیکٹ کو اپ ڈیٹ رکھیں ( فوٹو: سبق)
سعودی وزارت حج وعمرہ نے کہا ہے کہ ’اس سال حج کے لیے اندورن مملکت اور بیرونی عازمین ویکسینیشن کا کورس مکمل کرائیں۔‘
سبق نیوز کے مطابق وزارت وعمرہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’داخلی عازمین حج کے لیے ضروری ہے کہ وہ صحتی ایپ پر ویکسینیشن سرٹیفیکٹ کو اپ ڈیٹ رکھیں۔‘
جس میں کووڈ 19 ایڈوانس کی ایک ڈوز جبکہ انفلونزا ویکسین اور گزشتہ 5 برس کے دوران لگائی گئی گردن توڑ بخار کی ویکسین کا اپ ڈیڈڈ سرٹیفیکٹ ہونا ضروری ہے جو صحتی ایپ پر ویکسینیشن کرانے کے بعد جاری کیا جاتا ہے۔
وزارت حج نے بیرون مملکت سے آنے والے عازمین حج کو بھی ہدایت کی کہ ’وہ ویکسینیشن سرٹیفکیٹ کا خیال رکھیں اور حج درخواست کے ساتھ جمع کرایا جائے۔‘
وزارت صحت نے اپنی ویب سائٹ پر وہ معلوماتی لنک بھی جاری کیا ہے جس میں اردو، انگلش اور دیگر زبانوں میں ضروری ویکسینیشن کی تمام تفصیلات اور امور صحت کے حوالے سے دیگر ہدایات وضاحت سے بیان کی گئی ہیں۔