ٹام ہارپر نے عالیہ بھٹ کو ’زبردست ذہانت کی حامل‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’وہ گزشتہ ایک دہائی سے انڈین فلم انڈسٹری میں اپنے کام کی وجہ سے نہ صرف دنیا کی ایک نمایاں اداکارہ بن گئی ہیں بلکہ وہ ایک با اُصول بزنس ویمن اور مخیر شخصیت بھی ہیں۔‘
’عالیہ کی سب سے بڑی طاقت فلم سٹار والی کشش کو سچائی اور حساسیت کے ساتھ ملانے کی ان کی صلاحیت ہے۔ ایک اداکارہ کے طور پر ان کا کام بہت نمایاں ہے۔ ان کی تخلیقی صلاحیتیں انہیں ایک انٹرنیشنل سٹار بناتی ہیں۔‘
اس فہرست میں انڈین نژاد اداکار دیو پٹیل بھی شامل تھے۔ ان کی پروفائل فلم ’گیٹ آؤٹ’ اور ’نوپ‘ کے اداکار ڈینیل کالویا نے لکھی تھی۔
ڈینیل کالویا کے الفاظ میں ’دیو اچھائی پھیلاتے ہیں۔ وہ جب بھی سکرین پر جلوہ گر ہوتے ہیں تو ان کا انسانی پہلو برابر دمکتا دکھائی دیتا ہے۔ ان کی موجودگی ہی آپ کو بتاتی ہے کہ وہ یہ سب کیسے کر رہے ہیں۔‘
ان کے علاوہ ٹائمز میگزین کی فہرست میں دعا لیپا، آسکر ایوارڈ یافتہ دا‘وائن جوائے ریڈولف اور آسکر کے لیے نامزد اداکار جیفری رائٹ، کولمین ڈومینگو اور تراجی پی ہینسن، ایلیٹ پیج ، مائیکل جے فوکس، صوفیہ کوپولا، ہیاؤ میازاک بھی شامل ہیں۔
انڈیا سے تعلق رکھنے والی کھلاڑی ساکشی ملک کو گزشتہ برس ریسلنگ کے شعبے میں جنسی طور پر ہراساں کیے جانے کے خلاف اپنی لڑائی لڑنے پر اس فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔
عالیہ بھٹ نے گزشتہ برس فلم ’ہارٹ آف سٹُون‘ میں ادکاری کے ذریعے ہالی وُڈ میں قدم رکھا تھا۔