عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور کے پاس مجموعی دولت کتنی ہے؟
اتوار 10 دسمبر 2023 18:07
حیران کن طور پر اس جوڑے کی مجموعی دولت کے 60 فیصد حصے کی ملکیت عالیہ بھٹ کے پاس ہے (فوٹو: اے ایف پی)
بالی وُڈ کی سپرسٹار جوڑی عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور کے پاس مجموعی دولت کے بارے میں ایک حیران کن معلومات جاری ہوئی ہے جس کے تحت اس جوڑے کا شمار ہندی فلم نگری کے امیر ترین جوڑوں میں ہوتا ہے۔
شوبز ویب سائٹ ’کُوئی مُوئی‘ کے مطابق عالیہ بھٹ اور رنبیر کے پاس مجموعی طور پر دولت اربوں روپے میں ہے تاہم ان دونوں میاں بیوی کی آمدنی میں شادی کے بعد اضافہ انفرادی اور مجموعی طور پر مسلسل جاری ہے۔
رواں برس کا آخری حصہ رنبیر کپور کے لیے شاندار ثابت ہو رہا ہے کیونکہ اُن کی فلم اینیمل منفی ریویوز کے باوجود باکس آفس پر تباہی مچا رہی ہے جس کے بعد رنبیر کپور کا بینک اکاؤنٹ مزید پیسوں سے بھرتا جا رہا ہے۔
اسی طرح عالیہ بھٹ کے لیے بھی رواں برس عمدہ رہا جس میں اُن کی ہالی وُڈ فلم ’ہارٹ آف سٹون‘ اور کرن جوہر کی فلم ’راکی اور رانی کی پریم کہانی‘ نے باکس آفس پر بہترین کارکردگی دکھائی اور کامیابی حاصل کی۔
بالی وُڈ کے اس سپرسٹار جوڑے کے مجموعی طور پر اثاثے 865 کروڑ انڈین روپے کے ہیں۔ ان کے اثاثوں میں عالیشان پراپرٹیز، کاریں، جیولری اور ریئل سٹیٹ کی انوسٹمنٹ شامل ہیں جبکہ اس جوڑے کا لندن میں عالیشان وِلا بھی ہے۔
اس کے علاوہ عالیہ بھٹ ’انٹرنل سن شائن پروڈکشنز‘ نامی پروڈکشن ہاؤس کی بھی مالک ہیں جس کا انٹیریئر دو کروڑ روپے کا ہے۔
دوسری جانب رنبیر کپور انفرادی طور پر 365 کروڑ روپے کی دولت کے مالک ہیں جس میں اُن کا 35 کروڑ روپے کا عالیشان اپارٹمنٹ بھی شامل ہے۔
بالی وُڈ سپرسٹار میوزک ایپ ساون میں بھی انوسٹمنٹ کرتے ہیں جبکہ وہ فٹبال ٹیم ممبئی سٹی فٹبال کلب کے بھی شریک مالک ہیں۔ اس کے علاوہ اُن پاس 16 کروڑ روپے کا اپارٹمنٹ بھی ہے جبکہ اداکار کے پاس رولز رائس، مرسیڈیز بینز اور رینج رووَر سمیت کئی قیمتی گاڑیاں بھی ہیں۔
اسی طرح عالیہ بھٹ کی انفرادی کل دولت 520 کروڑ انڈین روپے ہے۔ رنبیر کپور سے شادی کرنے سے پہلے اداکارہ نے 32 کروڑ روپے کا اپارٹمںٹ خریدا تھا جبکہ وہ ایڈ ماما نامی ایک کمپنی کی بھی مالک ہیں۔
اس کے علاوہ اداکارہ 100 کروڑ روپے کے قریب انوسٹمنٹس کی مالک ہیں جس کے بعد اُن کی کل آمدن 520 کروڑ روپے تک بنتی ہے۔
اس سے قبل اس جوڑے کی مجموعی دولت 495 کروڑ روپے کے لگ بھگ تھی جس کے بعد اب یہ دولت 79.2 فیصد بڑھنے کے بعد اب 885 کروڑ روپے کے قریب ہوگئی ہے۔
حیران کن طور پر اس جوڑے کی مجموعی دولت کے 60 فیصد حصے کی ملکیت عالیہ بھٹ کے پاس ہے۔