سڈنی کے ’ٹاک ٹاکر‘ پادری پر حملہ کرنے والے نوجوان پر دہشت گردی کا مقدمہ
سڈنی کے ’ٹاک ٹاکر‘ پادری پر حملہ کرنے والے نوجوان پر دہشت گردی کا مقدمہ
جمعہ 19 اپریل 2024 12:41
53 سالہ پادری مار ماری ایمینوئل کو ٹک ٹاک پر بہت سے نوجوان فالو کرتے ہیں (فوٹو: روئٹرز)
آسٹریلیا میں گرجا گھر میں پادری پر چاقو سے وار کرنے والے 16 سالہ نوجوان کے خلاف دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق پولیس کی انسداد دہشت گردی کی مشترکہ ٹیم نے جمعرات کو نوجوان سے پوچھ گچھ کی اور دہشت گردی کے جرم کا مرتکب ہونے پر اس کے خلاف مقدمہ درج کیا۔
جرم ثابت ہونے پر انہیں زیادہ سے زیادہ عمر قید کی سزا ہو سکتی ہے۔
نیو ساؤتھ ویلز کی ریاستی پولیس کمشنر کیرن ویب نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ نوجوان کی ضمانت مسترد کر دی گئی ہے او انہیں جمعے کو بیڈ سائیڈ کورٹ میں پیش کیے جانے کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ پولیس یہ بیان دے گی کہ پادری پر چاقو کے چھ وار کیے گئے اور نوجوان نے اپنے گھر سے چرچ پہنچنے کے لیے 90 منٹ کا سفر کیا تھا۔
53 سالہ پادری مار ماری ایمینوئل کو ٹک ٹاک پر بہت سے نوجوان فالو کرتے ہیں اور وہ سوشل میڈیا پر تنقید اور آن لائن ٹرولنگ کا نشانہ بنتے رہتے ہیں۔
وہ اپنے مذہبی وعظ میں اسلام، کووڈ ویکسینیشن، ہم جنس پرستی اور امریکی صدر جو بائیڈن کے انتخاب پر شدید تنقید کرتے رہے ہیں۔
ماری ایمینوئل نے جمعرات کو سوشل میڈیا پر ایک آڈیو پیغام میں کہا تھا کہ انہوں نے اپنے حملہ آور کو معاف کر دیا ہے اور وہ تیزی سے صحت یاب ہو رہے ہیں۔
گرجا گھر میں پادری پر حملہ پیر کو اُن کے وعظ کی لائیو سٹریمنگ کے دوران کیا گیا تھا۔
ویڈیو میں گہرے رنگ کے کپڑوں میں ملبوس نوجوان کو پادری کے پاس جاتے اور چاقو کے وار کرتے دیکھا جا سکتا ہے جس کے بعد چرچ میں موجود افراد حملہ آور کو روکنے کی کوشش کرتے نظر آتے ہیں۔
اس واقعے سے قبل سنیچر کو سڈنی کے شاپنگ مال میں ایک شخص نے چاقو سے حملہ کر کے چھ افراد کو ہلاک کر دیا تھا۔
یہ واقعہ سڈنی کے ویسٹ فیلڈ بونڈی مال میں پیش آیا تھا جہاں عام طور پر شاپنگ کے لیے آئے افراد کا رش ہوتا ہے۔
مقامی میڈیا پر نشر کی گئی فوٹیج میں ایک شخص کو آسٹریلوی رگبی ٹیم کی شرٹ پہنے اور ایک بڑی چھری اٹھائے مال میں بھاگتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے جبکہ حملے میں زخمی ہونے والے افراد زمین پر پڑے ہوئے ہیں۔