خیبر پختونخوا میں این اے 8 اور 44 جبکہ پی کے 22 اور 91 میں ضمنی الیکشن منعقد ہو رہے ہیں۔ سب سے زیادہ پنجاب میں 14 نشستوں پر ضمنی انتخابات ہو رہے ہیں۔ ان میں دو قومی اور 12 صوبائی اسمبلی کی نشستیں ہیں۔
پنجاب سے 12 صوبائی حلقوں کے ضمنی انتخابات میں 174 امیدوار میدان میں ہیں جہاں ووٹرز کی تعداد 40 لاکھ 44 ہزار 552 ہے۔ اس حوالے سے پنجاب میں دو ہزار 601 پولنگ سٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔
لاہور کے قومی اسمبلی کے ایک جبکہ صوبائی اسمبلی کے چار حلقوں میں انتخاب ہو گا۔ پولنگ کا عمل صبح آٹھ بجے سے شام پانچ بجے تک جاری رہے گا۔
قومی اسمبلی کے این اے 119 سے علی پرویز اور شہزاد فاروق سمیت 9 امیدوار مدمقابل ہیں جبکہ پی پی 147 سے لیگی امیدوار ملک ریاض اور محمد خان مدنی سمیت 11 امیدوار مقابلہ کریں گے۔
اس کے علاوہ پی پی 149 سے استحکام پاکستان پارٹی کے محمد شعیب صدیقی اور قیصر شہزاد سمیت 14 امیدوار، پی پی 158 سے لیگی امیدوار چودھری نواز اور سنی اتحاد کونسل کے مونس الہٰی سمیت 22 امیدوار آمنے سامنے ہیں۔
پی پی 164 سے لیگی رہنما راشد منہاس اور سنی اتحاد کونسل کے محمد یوسف سمیت 20 امیدوار مدمقابل ہیں۔
موبائل اور انٹرنیٹ سروس بند کرنے کا فیصلہ
ضمنی انتخابات کے دوران بلوچستان اور پنجاب کے چند اضلاع میں دو روز (اتوار اور پیر) تک موبائل سروس معطل رہے گی۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی جانب سے سنیچر کو اعلان کیا گیا کہ ’ضمنی الیکشن کے دوران چند اضلاع میں موبائل سروس عارضی طور پر معطل رکھی جائے گی۔‘
پی ٹی اے کے مطابق ’یہ فیصلہ انتخابی عمل کو بلاتعطل، صاف اور شفاف انداز میں پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے وزارتِ داخلہ کی سفارش پر کیا گیا ہے۔‘
اس حوالے سے محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے بھی آج ہونے والے ضمنی الیکشن میں صوبے کے 13 اضلاع اور تحصیلوں میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بند کرنے کی سفارش کی گئی تھی۔
محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے لکھے گئے خط میں ضلع لاہور، قصور اور شیخوپورہ میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بند کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔
اسی طرح پنجاب کے محکمہ داخلہ نے ڈیرہ غازی خان، کوٹ چھٹہ، صادق آباد، تلہ گنگ، چکوال، علی پور چٹھہ، کلرکہار، بھکر اور ظفروال کی تحصیلوں میں بھی انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس بند کرنے کی سفارش کی تھی۔
یاد رہے کہ پاکستان میں 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے دوران بھی ملک بھر میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس کو بند رکھا گیا تھا جس پر پاکستان تحریک انصاف سمیت انتخابی مبصرین نے تنقید کی تھی۔