نجی شعبے میں ایک ماہ کے دوران 11 ہزار سعودی نوجوانوں کے لیے روزگار
ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ٹریننگ سینٹر نے مختلف پروگرام متعارف کرائے ہیں( فوٹو: اخبار24)
سعودی عرب کے ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ٹریننگ سینٹر سے فارغ ہونے والے 11 ہزار سے زائد سعودی نوجوانوں کو گزشتہ ماہ نجی شعبے میں ملازمت کے مواقع فراہم کیے گئے ہیں۔
عاجل نیوز کے مطابق فنی تربیتی مرکز کے ذمہ دار نے بتایا ’سینٹر کی جانب تربیت یافتہ افراد کو بہتر روزگار فراہم کرنے کےلیے متعدد پروگرامز ہیں جس کے تحت وہ مقامی مارکیٹ میں بہتر جگہ بنا سکتے ہیں‘۔
ٹریننگ سینٹر کی جانب سے ’ہرگریجویٹ کے لیے کام کا موقع‘ کے عنوان سے جاری مہم کے تحت ایسے سینٹرز قائم کیے گئے ہیں جہاں فارغ ہونے والے اپنی سی وی اپ لوڈ کرتے ہیں۔
سینٹرز کی جانب سے سی ویز مختلف متعلقہ اداروں کو ارسال کی جاتی ہیں جہاں وہ اپنی ضرورت کے مطابق ہنرمندوں کا انتخاب کرکے انہیں روزگار فراہم کرتے ہیں۔
تربیتی مرکز کی جانب سے گزشتہ ماہ مارچ میں متعدد نجی کمپنیوں کے ساتھ 20 مفاہمتی یادداشتوں پردستخط کیے گئے۔
اسکا مقصد مارکیٹ میں نئے فارغ ہونے والوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے۔
فنی تربیت مکمل کرنے والوں کو روزگار حاصل کرنے کے حوالے سے رہنمائی کےلیے بھی 140 پروگرامز جاری کیے گئے جن کا مقصد نئے گریجویٹس کو عملی میدان میں کامیاب بنانا ہے۔