سعودی لیبر مارکیٹ میں لوکلائزیشن کی سپورٹ کے لیے معاہدہ
وزارت سیاحت اور انسانی وسائل کے ڈویلمپنٹ فنڈ نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کی وزارت سیاحت اور انسانی وسائل کے ڈویلمپنٹ فنڈ نے مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق معاہدے کا مقصد سیاحت کے شعبے میں پیشہ ورانہ تربیت، اہلیت اور افرادی قوت کو بااختیار بنانے میں دونوں اداروں کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانا ہے۔
مفاہمت کی یادداشت میں تعاون کے لیے کئی شعبوں کا خاکہ پیش کیا گیا ہے جن میں مقامی ٹیلنٹ کو پروان چڑھانے، سیاحت کے متنوع ذیلی شعبوں میں نوجوان مرد اور خواتین کے لیے پیشہ ورانہ ترقی کو فروغ دینے کے لیے کیے گئے انیشیٹوز شامل ہیں۔
مفاہمت کی یادداشت کا ایک اور مقصد افرادی قوت کو سیاحت کے پیشوں میں عصری کام کے طریقوں کے مطابق ڈھالنے کی ترغیب دینا ہے۔
اس کی بدولت سیاحت کی صنعت کی سعودائزیشن اور اس کی افرادی قوت کی مہارت کو بڑھانے کے حوالے سے متعلقہ حکام کے ساتھ مل کر ورکشاپس منعقد کیے جائیں گے۔
مفاہمت نامے پر وزارت سیاحت میں انسانی صلاحیت کی ترقی کے انڈر سیکرٹری محمد بو شناق اور ایچ آر ڈی ایف کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل آف بزنس فراس الخیل نے دستخط کیے۔
یہ معاہدہ ملازمت کے باقاعدہ اجلاسوں کے انعقاد میں بھی سہولت فراہم کرے گا جس کا مقصد لوکلائزیشن کی کوششوں کو تیز کرنا، ملازمت کے استحکام کو یقینی بنانا اور سیاحت کے شعبے میں کردار کو واضح کرنا ہے۔
یہ اقدامات روزگار کی شرح کو بڑھانے اور سعودی عرب کی سیاحت کی صنعت کے معیار اور مسابقت کو بلند کرنے کے لیے متوقع ہیں۔
یہ معاہدہ بین الاقوامی طریقوں کے مطابق تربیت یافتہ اور اہل افراد کے ساتھ سیاحت کے شعبے کو تقویت دینے کے سعودی حکام کے عزم کی نشاندہی کرتا ہے۔
یہ معاہدہ مملکت کے وسیع تر وژن 2030 کے حصے کے طور پر سامنے آیا ہے جس کا مقصد لوکلائزیشن کو سپورٹ کرنا، ملازمت کو فروغ دینا اور لیبر مارکیٹ کی مختلف سرگرمیوں میں سعودی شہریوں کو شامل کرنے والے ایک جامع معاشی نظام کی تشکیل کرنا ہے۔
ایم او یو ان اہداف کو حاصل کرنے میں ایک اہم کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے جو مملکت میں مقامی اور پائیدار سیاحت کے شعبے کے لیے طے کیے گئے ہیں۔