سعودی عرب میں انٹرنیٹ استعمال کرنے کی شرح 99 فیصد
جمعرات 25 اپریل 2024 6:33
انٹرنیٹ استعمال کرنے والوں کی تعداد 12.6 ملین تک پہنچ گئی ہے (فوٹو: عکاظ)
سعودی ٹیلی کمیونیکشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ سال 2023 میں مملکت میں کمیونیکشن مارکیٹ کا حجم 166 ارب ڈالر تک پہنچ گیا ہے۔
شعبے میں گزشتہ 6 برسوں کے دوران سالانہ 8 فیصد کے حساب سے ترقی ہوئی ہے۔
اخبار 24 کے مطابق اتصالات اتھارٹی کی جانب سے جاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ٹیلی کمیونیکشن سیکٹر کے حوالے سے سال 2023 کے دوران جی 20 ممالک میں سعودی عرب دوسرے نمبر پر رہا۔
مملکت میں انٹرنیٹ استعمال کرنے والوں کی تعداد 12.6 ملین تک پہنچ گئی ہے۔
کمیونیکشن کے حوالے سے ریاض میں منعقدہ فورم میں پیش کی جانے والی رپورٹ میں کہا گیا کہ مملکت میں موبائل انٹرنیٹ کی ڈاؤن لوڈنگ سپیڈ 215 میگا بائٹس فی سیکنڈ سے زیادہ ہے۔
علاوہ ازیں سعودی عرب میں انٹرنیٹ استعمال کرنے کی شرح 99 فیصد سے تجاوز کر گئی ہے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ’مملکت میں کلاؤڈ کمپیوٹنگ سروس فراہم کرنے والے رجسٹرڈ اداروں کی تعداد 31 ہے جو یہ سروسز صارفین کو مہیا کر رہے ہیں۔
علاوہ ازیں الجزیرہ کیپٹل میں ریسرچ ادارے کے سربراہ جاسم الجبران نے بتایا ’مواصلات اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں درج کمپنیوں کے اثاثوں کا حجم تقریباً 250 بلین ریال ہے جو خلیج کی سطح پر اس شعبے کی ترقی کے حوالے سے واضح نمائندگی کرتی ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا ’مواصلات اورانفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں رجسٹرڈ کمپنیوں کی مجموعی آمدنی تقریباً 119 بلین ریال ہے۔‘