چوتھا ٹی20: نیوزی لینڈ کی مسلسل دوسری جیت، پاکستان کو چار رنز سے شکست
چوتھا ٹی20: نیوزی لینڈ کی مسلسل دوسری جیت، پاکستان کو چار رنز سے شکست
جمعرات 25 اپریل 2024 17:21
نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم رابنسن نے سب سے زیادہ 51 رنز بنائے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پانچ ٹی20 میچز کی سیریز کے چوتھے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو چار رنز سے شکست دے کر سیریز میں 1-2 کی برتری حاصل کر لی ہے۔
179 رنز کے تعاقب میں پاکستان ٹیم مقررہ 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 174 رنز ہی بنا سکی۔ آخری اوور میں پاکستان کو جیت کے لیے 18 رنز درکار تھے اور عماد وسیم وکٹ پر موجود تھے لیکن وہ اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار نہ کر سکے۔ گرین شرٹس کی جانب سے فخر زمان نے سب سے زیادہ 61 رنز بنائے جبکہ افتخار احمد 23 اور عماد وسیم 22 رنز ناٹ آؤٹ کے ساتھ نمایاں رہے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے ولیم او رورکی نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے تین وکٹیں اپنے نام کیں۔
جمعرات کو لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں ہونے والے میچ میں گرین شرٹس کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ بلیک کیپس نے مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز بنائے۔ ٹم رابنسن 51 اور ڈین فوکس کرافٹ 34 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ پاکستان کی جانب سے عباس آفریدی نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے تین کھلاڑی آؤٹ کیے۔
دونوں ٹیموں نے اس اہم میچ کے لیے تبدیلیاں کیں۔ نیوزی لینڈ نے تین نئے کھلاڑی شامل کیے، جبکہ پاکستان ٹیم میں بھی چار تبدیلیاں کی گئیں اور محمد عامر، عماد وسیم، زمان خان اور اسامہ میر کی واپسی ہوئی۔
خیال رہے کہ سیریز کا پہلا میچ بارش کی وجہ سے منسوخ ہو گیا تھا جبکہ دوسرے میچ میں پاکستان نے بلیک کیپز کو سات وکٹوں سے شکست دے دی تھی۔ لیکن تیسرے میچ میں نیوزی لینڈ کی ’نوجوان‘ ٹیم نے تجزبہ کار گرین شرٹس کو سات وکٹوں سے ہرا دیا۔
پاکستان کو ایک بڑا دھچکا محمد رضوان اور عرفان اللہ نیازی کے ان فٹ ہونے سے بھی لگا ہے۔ دونوں بیٹرز اپنی انجریز کی وجہ سے سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔
دونوں ٹیموں کے سکواڈ
پاکستان: بابر اعظم (کپتان)، صائم ایوب، عثمان خان، فخر زمان، افتخار احمد، شاداب خان، عماد وسیم، اسامہ میر، عباس آفریدی، محمد عامر، زمان خان۔