ان فِٹ محمد رضوان اور عرفان نیازی نیوزی لینڈ کے خلاف باقی دونوں میچوں سے باہر
پی سی بی کے میڈیکل پینل نے عرفان نیازی کو بھی باقی دونوں میچوں میں آرام کا مشورہ دیا ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ان فٹ ہونے والے وکٹ کیپر محمد رضوان اور بیٹر محمد عرفان خان نیازی کو نیوزی لینڈ کے خلاف باقی دونوں میچوں میں آرام دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
پی سی بی کے ترجمان کی جانب سے بدھ کو جاری کیے گئے ایک بیان کے مطابق ’یہ فیصلہ محمد رضوان اور محمد عرفان خان نیازی کی ریڈیالوجی رپورٹس کا جائزہ لینے کے بعد کیا گیا ہے۔‘
ترجمان نے مزید بتایا کہ ’اس حوالے سے پاکستان کرکٹ ٹیم کی انتظامیہ سے بھی مشاورت کی گئی ہے۔‘
’دونوں کھلاڑی پاکستان کرکٹ بورڈ کے میڈیکل پینل کی معاونت سے نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) میں اپنی بحالی پر کام کریں گے۔‘
واضح رہے کہ راولپنڈی میں کھیلے گئے تیسرے ٹی20 میچ میں بیٹنگ کے دوران محمد رضوان ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہوگئے تھے۔
اس کے بعد محمد رضوان گراؤنڈ سے باہر چلے گئے اور انہوں نے میچ بھی مکمل نہیں کیا تھا۔
بعدازاں اُن کی جگہ عثمان خان نے وکٹ کیپنگ کی ذمہ داری ادا کی تھی۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان چوتھا ٹی20 میچ جمعرات اور پانچواں اور آخری میچ سنیچر کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔
سیریز اس وقت 1-1 سے برابر ہے جبکہ پہلا ٹی20 میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا۔